شمالی کیرولائینا میں ریپبلکن پارٹی کے دفتر پر آتش گیر مادے سے حملہ

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی ریاست شمالی کیرولائینا میں حکام کا کہنا ہے کہ ریپبلکن جماعت کے دفتر کو آگ لگنے سے نقصان پہنچا ہے جبکہ قریبی عمارات پر سپرے کے ذریعے پارٹی کی مخالفت میں نعرے بھی لکھے گئے ہیں۔
ریپبلکن جماعت کا کہنا ہے کہ رات گئے ریپبلکن جماعت کے اورنج کاؤنٹی ہیڈکوارٹر کی کھڑکی سے آتش گیر مادے سے بھری ایک بوتل اندر پھینکی گئی۔
گرینڈ اولڈ پارٹی یعنی (جی او پی) کے ریاستی ڈائریکٹر ڈیلس ووڈ ہاؤس نے بتایا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم دیگر تمام دفاتر کو سکیورٹی الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
ریپبلکن جماعت کے قریب عمارت پر سپرے کے ذریعے لکھا گیا تھا: ’نازی ریپبلکن اس علاقے یا کہیں اور سے بھی باہر نکل جائیں۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
دوسری جانب امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’یہ حملہ خوفناک اور ناقابل قبول ہے۔‘
لیکن ریپبلکن جماعت کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بظاہر اس حملے کا ذمہ دار ڈیموکریٹک جماعت کے حمایتیوں کو قرار دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’ہیلری کلنٹن اور ڈیموکریٹس کی نمائندگی کرنے والے جانوروں نے شمالی کیرولائینا میں ہمارے دفتر پر آتش گیر مادے سے حملے کیا۔‘
مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہلزبرو کے ڈیموکریٹک میئر ٹام سٹیونز نے بھی اپنے ایک بیان میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔








