عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | موجودہ حالات میں انہیں چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کا پاکستان میں انعقاد بھی خطرے سے دوچار دکھائی دے رہا ہے |
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بی سی سی آئی کی ہاں میں ہاں ملانے کا بھی کوئی صلہ نہیں ملا بلکہ اس کے نتیجے میں وہ کرکٹ کھیلنے والے دوسرے ملکوں سے دور ہوتا چلا گیا ہے۔ احسان مانی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے آئی پی ایل کا لالچ دے کر آسٹریلیا انگلینڈ اور دوسرے ملکوں کو اپنی طرف مائل کرلیا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے سب سے بڑی غلطی یہ کی کہ اس نے دوسرے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو متوازن پالیسی رکھنی چاہیے تھی۔ چونکہ بھارت کے پاس بہت پیسہ ہے لہذا آسٹریلیا نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ وغیرہ سب اس کے پیچھے چل پڑے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے سلسلے میں بی سی سی آئی کی ہاں میں ہاں ملائی لیکن اس کے بدلے اسے کچھ نہیں مل سکا۔ سری لنکا کے ساتھ سیریز کے میچ آفیشلز کی تقرری کو سکیورٹی جائزے سے مشروط کرنے کے بارے میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگٹ کے بیان کے بارے میں احسان مانی کا کہنا ہے کہ انہیں حیرت ہوئی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی سی سی سے کوئی بیان آتا ہے تو وہ اس کے رکن ممالک کی سوچ ظاہر کر رہا ہوتا ہے۔ اگر کوئی آئی سی سی کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھے تو یہ بیان دراصل یہ اپریل میں آسٹریلوی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی تیاری ہے۔
 | پاکستان کو کیا رکنا چاہیے  آئی سی سی کا جھکاؤ اس وقت بھارت کی طرف بہت زیادہ ہے اس صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو معذرت خواہانہ یا دفاعی انداز اختیار کرنے کے بجائے جرات مندی دکھانی چاہیے  احسان مانی |
احسان مانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں انہیں چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کا پاکستان میں انعقاد بھی خطرے سے دوچار دکھائی دے رہا ہے۔ اگر بھارتی حکومت نے کرکٹ کو اپنے سیاسی ایجنڈے کے لیے استعمال کیا تو پھر ورلڈ کپ کا انعقاد یہاں ممکن نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی اور بی سی سی آئی سے ابھی یہ پوچھ لینا چاہیے کہ کیا بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی یا نہیں ۔ اگر بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان نہیں بھیجتی تو پھر آئی سی سی یقیناً چیمپئنز ٹرافی کو پاکستان سے منتقل کرنے کی کوشش کرے گی۔ احسان مانی نے کہا کہ یہ تاثر غلط نہیں ہے کہ آئی سی سی کا جھکاؤ اس وقت بھارت کی طرف بہت زیادہ ہے اس صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو معذرت خواہانہ یا دفاعی انداز اختیار کرنے کے بجائے جرات مندی دکھانی چاہیے۔ |