انیل کمبلے ریٹائر، دھونی کپتان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹیسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مشہور زمانہ لیگ سپنر انیل کمبلے نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمبلے کی جگہ مہیندر سنگھ دھونی کو چوتھے ٹیسٹ کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دھونی ون ڈے ٹیم کے پہلے سے ہی کپتان ہیں۔ چیف سلیکٹر کرشنامچاری سریکانت کے مطابق انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلیے ٹیم کےکپتان کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ اڑتیس سالہ کمبلے نے ٹیسٹ کرکٹ میں چھ سو انیسس وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں وہ تیسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔ صرف آسٹریلیا کے شین وارن اور سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن نے ان سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ کمبلے نے اپنے فیصلے کا اعلان دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا۔ اسی میدان پر انہوں نے پاکستان کے خلاف ایک ہی اننگزمیں دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق کمبلے یہ اعلان ناگپور میں چوتھے میچ کے بعد کرنا چاہتے تھے لیکن چونکہ جمعہ کو کھیل کے دوران ہاتھ میں چوٹ لگ جانے کی وجہ سے وہ سیریز میں مزید حصہ نہیں لے پائیں گے لہذا انہوں نے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمبلے نے اٹھارہ برسوں میں ایک سو بتیس ٹیسٹ کھیلے۔
پاکستان کے خلاف صرف چوہتر رنز کے عوض دس وکٹ انہوں نے انیس سو ننیانوے میں حاصل کیے تھے اور کرکٹ کی تاریخ میں انگلینڈ کے جم لیکر کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ صرف دوسرے بالر ہیں۔ انہوں نے ایک میچ میں دس وکٹیں آٹھ مرتبہ حاصل کیں اور پینتیس مرتبہ پانچ یا اس سے زیاد وکٹیں لیں۔ کمبلے نے گزشتہ برس سینتیس سال کی عمر میں ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی اور ان کی سربراہی میں ہندوستان نے ستائیس برس بعد پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی۔ پہلے ٹیسٹ سے پہلے انہوں نے کہا تھا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ بنگلور میں یہ ان کا آخری ٹیسٹ ہوگا لیکن انہوں نے ریٹائرمنٹ کی کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تھا۔
کمبلے نے گزشتہ برس اوول کے میدان پر انگلینڈ کے خلاف اپنے کریئر کی واحد سینچری بھی بنائی تھی۔ انہوں نے مجموعی طور پر تقریباً اٹھارہ کے اوسط سے 2506 رن بنائے۔ انہوں نے انیس سو نوے میں انگلینڈ کے خلاف اپنے کریر کا آغاز کیا تھا۔ مارچ دو ہزار سات میں وہ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ سترہ برس کے ایک روزہ کریئر میں کمبلے نے کل دو سو اکہتر ون ڈے میچیز کھیل کر 337 وکٹیں حاصل کیں۔ انیل کمبلے نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرکے سبکدوش ہونا چاہتے تھے لیکن ان کا یہ خواب پورا نا ہوسکا۔ ’ہر بار من کی مراد پوری نہیں ہوتی ہے لیکن میں نے اعلان کردیا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ چھوڑ دوں گا۔‘ ہندوستان کی طرف سے انیل کمبلے نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کیے ہیں۔ ان کی سب سے اچھی پرفارمنس ویسٹ انڈیز خلاف ہے جس میں انہوں نے بارہ رنز دیکر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ | اسی بارے میں انیل کمبلے انڈیا کے نئے کپتان09 November, 2007 | کھیل انیل کمبلے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر30 March, 2007 | کھیل انیل کمبلے کی پانچ سو وکٹیں11 March, 2006 | کھیل ’انضمام اور کمبلے کا کلیدی کردار‘07 March, 2005 | کھیل کپیل دیو کا ریکارڈ برابر02 December, 2004 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||