افتتاحی میچ میں پاکستان کو شکست | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بیجنگ اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان کو اپنے پہلے ہی میچ میں برطانیہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم برطانیہ کے خلاف اپنا میچ دو کے مقابلے میں چارگول سے ہارگئی۔ تین بار کی اولمپک چیمپئن پاکستان کو پہلے ہی ہاف میں تین گول کے خسارے کا سامنا تھا۔ اس نے دوسرے ہاف میں دو گول کر کے میچ میں واپس آنے کی کوشش کی لیکن 1988 کے سیول اولمپکس کی فاتح برطانوی ٹیم نے مزید ایک گول کر کے پاکستانی ٹیم کی میچ برابر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ میچ کے آغاز پر ہی پاکستانی ٹیم اس وقت دباؤ میں آ گئی جب کھیل کے پہلے ہی منٹ میں جیمز ٹنڈل نے طاقتور ہٹ کے ذریعے گول کر دیا۔ تیرہویں منٹ میں راب مور نے ریورس ہٹ سے گول کر کے برطانیہ کی برتری دوگنا کر دی۔ ستائیسویں منٹ میں برطانیہ کو ملنے والے پنالٹی کارنر پر ایشلے جیکسن نے گول کر کے سکور تین صفر کر دیا۔ پاکستانی ٹیم کو پہلے ہاف میں پانچ پنالٹی کارنرز ملے لیکن ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا جبکہ محمد ثقلین کی ٹرائی گول کے بہت قریب سے باہر چلی گئی۔ دوسرے ہاف کے بارہویں منٹ میں شکیل عباسی پاکستان کا پہلا گول کرنے میں کامیاب ہوگئے تاہم انہوں نے اکیسویں منٹ میں گول کرنے کا سنہری موقع ضائع بھی کیا۔ چوبیسویں منٹ میں محمد وقاص نے گول کرکے خسارہ کم کیا لیکن دو منٹ بعد ہی پنالٹی کارنر کے ریباؤنڈ پر میٹ ڈیلی نے برطانیہ کا چوتھا گول کر دیا۔ اس میچ میں برطانوی گول کیپر ایلسٹر مکگریگر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہ انیس سو باون کے اولمپکس کے بعد پہلا موقع ہے کہ برطانیہ نے اولمپکس ہاکی میں پاکستان کو شکست دی ہو۔ یہ برطانیہ کی پاکستان کے خلاف کل تیئسویں میچ میں چھٹی کامیابی ہے۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو اپنا دوسرا میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔ |
اسی بارے میں ثقلین کا اولمپکس کا خواب پورا ہو گیا01 August, 2008 | کھیل اولمپکس، 35 رکنی پاکستان دستہ روانہ01 August, 2008 | کھیل پاکستان کی ہاکی ٹیم کا اعلان21 July, 2008 | کھیل گول کیپنگ اہم مسئلہ ، نوید عالم16 May, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||