BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 15 July, 2008, 17:23 GMT 22:23 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پی سی بی نے آصف کومعطل کر دیا
محمد آصف
آصف آئی سی سی کے ڈوپنگ ریگولیشن کے تحت اپیل کرسکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بالر محمد آصف کو آئی پی ایل کے دوران ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کر دیا ہے۔


پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کا کہنا ہے ’ڈوپنگ پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فوری طور پر محمد آصف کو معطل کردیا ہے۔‘

پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کےلیے محمد آصف کو سلیکٹ نہیں کیا ہے۔

محمد آصف نے ’بی‘ سیمپل کرانے کی درخواست کی ہے اور اس کے نتائج کا انتظار ہے۔ آصف کے وکیل شاہد کریم نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا ’میرے مؤکل نے کوئی ممنوعی دواء استعمال نہیں کی ہے۔ ہم بی سیمپل کرائیں گے اور آصف کو اس الزام سے بری کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘

شفقت نغمی نے کہا ہے کہ محمد آصف اس وقت تک پاکستان کے لیے نہیں کھیلیں گے جب تک ان پر لگائے جانےوالے الزام سے وہ بری نہیں ہو جاتے۔ ’محمد آصف آئی سی سی کے ڈوپنگ ریگولیشن کے تحت اپیل کرسکتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ بی سیمپل بھی مثبت آنے کی صورت میں پچیس سالہ فاسٹ بالر آئی پی ایل سے بھی معطل ہو سکتے ہیں۔

بی بی سی کی نامہ نگار منا رانا نے بتایا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے فاسٹ بالر شعیب اختر کو ابتدائی تیس کھلاڑیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔

تاہم محمد یوسف نے چونکہ خود اس ٹورنامنٹ کے رمضان المبارک میں ہونے کے سبب شرکت سے معذرت کر لی تھی اس لیے ان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں ان تیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

ان تیس کھلاڑیوں میں کچھ نوجوان فاسٹ بالرز کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ماجد خان کے بیٹے بازید خان بھی شامل ہیں۔

شعیب اختر ستر لاکھ کا جرمانہ ادا نہ کرنے کے باوجود تیس کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا۔ اس ضمن میں شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے اعلٰی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شعیب اختر کو فٹنس اور فارم ثابت کرنے کا ایک اور موقع دیا ہے اور جہاں تک جرمانے کا تعلق ہے وہ تو ان سے وصول کر ہی لیا جائے گا۔

شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ ان کھلاڑیوں میں سے پندرہ کھلاڑیوں کی ٹیم کا اعلان گیارہ اگست کو کیا جائےگا اور اس سے پہلے انیس اور بیس جولائی کو اس تمام تیس کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا تو وہ ٹیم میں تو جگہ حاصل نہیں کر سکے گا اور اس کے ساتھ اسے سخت کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ ڈوپنگ کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کسی رعایت دینے کا روادار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں لیےگئے ڈوپ ٹیسٹ میں مثبت آنے والے فاسٹ بالر محمد آصف کو ہر قسم کی کرکٹ سے معطل کیا جاتا ہے اور وہ اس سلسلے میں قائم کردہ ڈرگ ٹریبیونل کے فیصلے اور اس پر اپیل کے فیصلے تک معطل رہیں گے البتہ انہیں اس دوران کرکٹ بورڈ سے انہیں تنخواہ ملتی رہے گی۔

شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈوپنگ پالیسی ڈوپنگ کی عالمی ایجنسی واڈا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ڈوپنگ پالیسی سے مطابقت رکھتی ہے اور اس پالیسی کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی اپنے ملک سے باہر ڈوپ ٹیسٹ میں مثبت آتا ہے تو اس کے معاملے کی تحقیق اسی ملک کے ادارے کا قائم کردہ ڈرگ ٹریبیونل کرے گا۔

شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل نے اس سلسلے میں جو تین رکنی ٹریبیونل قائم کیا ہے پی سی بی اس کے فیصلے پر انحصار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹریبیونل کی کاروائی بند کمرے میں ہوتی ہے لیکن آئی سی سی کے قانون کے مطابق اگر کسی کا کوئی جائز تعلق اس معاملے سے ہو تو وہ اس کارروائی کو دیکھ سکتا ہے اور چونکہ محمد آصف ہمارے کھلاڑی ہیں اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اس ٹریبیونل کی تمام کاروائی پر نظر رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ محمد آصف اس کیس کی پیروی خود کریں گے اور بی نمونے کے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ بھی ان کا اپنا ہو گا لیکن پی سی بی اس بات کا خیال رکھے گا کہ محمد آصف کو انصاف حاصل کرنے کا پورا موقع ملے۔

شفقت نغمی نے اس کہا کہ اس سارے معاملے میں پی سی بی پر تنقید درست نہیں کیونکہ اس کی ذمہ داری اس کھلاڑی پر ہی ہوتی ہے جو ایسا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے بھی تمام کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کروائے تھے اور آصف تب کلیئر تھا اور اس کے علاوہ ان کو اس کے بارے میں معلومات بھی دیتے ہیں لیکن تب بھی اگر کوئی کھلاڑی ایسا کرتا ہے تو وہی اس کا ذمہ دار ہے۔

دبئی میں محمد آصف کے حراست میں لیے جانے والے واقعہ کی تحقیقات کے بارے میں شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ انہیں دبئی سے جو تحریری مواد حال ہی میں ملا ہے وہ عربی زبان میں ہے اور اس کا ترجمہ کیا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد