’آصف کی حراست میں توسیع ممکن‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف کے خلاف تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے اور اگر دبئی کے حکام چاہیں تو انہیں مزید کچھ دن پولیس کی تحویل میں رکھ سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز ندیم اکرم نے دبئی سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ محمد آصف کیس کی تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔ تفتیش کا آخری مرحلہ اٹارنی جنرل کے پاس ہے جس میں وہ پورے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں۔ ندیم اکرم نے کہا کہ مقامی قوانین کے تحت پولیس کسی بھی ملزم سے آٹھ روز تک تفتیش کرسکتی ہے اور اگروہ ضروری سمجھے تو درخواست کر کےتفتیش کے لیے مزید دس دن کی توسیع کرا سکتی ہے۔ ندیم اکرم نے کہا کہ محمد آصف پر ابھی تک فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے اور یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ ان کا کیس زیرسماعت ہے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف سے ابھی صرف تفتیش ہوئی ہے اور وہ ائرپورٹ سے ملحقہ قانون نافذ کرنے والوں کے سینٹر کی تحویل میں ہیں۔ وہ آصف سے دن میں دو تین بار بات کرتے رہے ہیں اور منگل کو ان سے ملاقات بھی کی ہے۔ ندیم اکرم نے اس بات پر سخت افسوس ظاہر کیا کہ ذرائع ابلاغ میں اس حساس معاملے پر بعض غلط خبریں بھی آئی ہیں۔ انہوں نے اس خبر کو بھی غلط قرار دیا کہ دبئی ائرپورٹ پر حراست میں لیے جانے کے وقت محمد آصف نشے کی حالت میں تھے اور انہوں نے بدتمیزی کی تھی۔ ندیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ جب ندیم اکرم سے یہ پوچھا گیا کہ ان کو واپس بلائے جانے کا مطلب یہ تو نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے میں مایوس ہوچکا ہے، ندیم اکرم نے کہا کہ ان کی وطن واپسی کا تعلق ایشیا کپ میں ٹیموں کی مہمانداری سے ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ جہاں تک آصف کیس کا تعلق ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی دبئی کی ایک قانونی فرم کی خدمات حاصل کررکھی ہیں۔ دوسری جانب ورلڈ انٹی ڈوپنگ ایجنسی ( واڈا) کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ واڈا اس تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ چونکہ یہ معاملہ اس وقت زیرتفتیش ہے لہٰذا اس پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔ |
اسی بارے میں آصف کا کیس اٹارنی جنرل کے پاس09 June, 2008 | کھیل آصف کا بیان قلمبند، رہائی میں تاخیر05 June, 2008 | کھیل آصف: رہائی میں تاخیر، ٹیم سے باہر04 June, 2008 | کھیل محمد آصف دبئی میں زیرِ حراست03 June, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||