کراچی:پاکستان نے بھارت کو ہرا دیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے ایک اہم میچ میں بھارت کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو فتح کے لیے تین سو نو رن کا ہدف فراہم کیا تھا جو پاکستان نے یونس خان کی شاندار سنچری کی بدولت چھیالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے یونس خان ایک سو تئیس اور مصباح الحق ستّر رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان ایک سو چوالیس رن کی ناقابلِ شکست شراکت ہوئی۔ ۔ یہ یونس خان کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پانچویں اور بھارت کے خلاف تیسری سنچری ہے۔ یونس نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پانچ ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان بٹ اور ناصر جمشید نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے سکور کو پینسٹھ رن تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر سلمان بٹ چھتیس رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کے دوسرے اوپنر ناصر جمشید چالیس گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ٹانگ میں کریمپ کی وجہ سے کھیل جاری نہ رکھ سکے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی محمد یوسف تھے جو بیس رن بنا کر پیوش چاؤلہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ پانچواں موقع ہے کہ پاکستان نے تین سو یا زائد کا ہدف عبور کیا ہے ان پانچ میں سے چار کامیابیاں بھارت کے خلاف ہیں۔ اس سے قبل بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر تین سو آٹھ رن بنائے تھے۔ انڈیا کی طرف سے سب سے زیادہ سکور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بنایا جو چھہتر رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے راؤ افتخار انجم نے دس اووروں میں اکیاون رن دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ابتدائی دس اوورز میں اٹھاسی رن بنا ڈالے۔ اس موقع پر یکے بعد دیگرے تین بھارتی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے سے بھارتی رن ریٹ کم ہوا ۔ تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں مہندر دھونی اور روہت شرما نے ٹیم کو سہارا دیا اور ان کے درمیان ایک سو بارہ رن کی شراکت ہوئی۔ دو سو اکتالیس رن کے مجموعی سکور پر شرما بھی نصف سنچری بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔یوسف پٹھان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی بالروں میں سہیل تنویر نے دس اووروں میں ستاسی رن دے کر ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ عبدالرؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سپنر سعید اجمل پاکستان کی جانب سے سب سے کفایتی بالر ثابت ہوئے۔ انہوں نے مقررہ دس اوور میں سینتالیس رن دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔
اس جیت کے بعد پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ جمعرات کو بھارتی ٹیم سری لنکا سے ہار جائے اور جمعہ کو آخری لیگ میچ میں پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے دے تو سپر فور مرحلے میں زیادہ فتوحات کی بنیاد پر پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔اگر بھارتی ٹیم سری لنکا کو ہرا دیتی ہے تو وہ فائنل میں پہنچ جائے گی۔ سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی فائنل کھیلنے کا حق حاصل کر چکی ہے۔ اس میچ میں پاکستان کے کپتان شعیب ملک فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی وجہ سے حصہ نہیں لے رہے اور پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کر رہے ہیں۔شعیب ملک کی جگہ اوپنر ناصر جمشید کو حتمی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ناصر جمشید کے علاوہ فاسٹ بولر عبدالرؤف اور آف اسپنر سعید اجمل کو منصورامجد اور وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم:سلمان بٹ، نذیر جمشید، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، شاہد آفریدی، سرفراز احمد، سہیل تنویر، انجم، رؤف، سعید اجمل۔ انڈیا کی ٹیم: وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، سریش رائنا، یوراج سنگھ، مہندر سنگھ دھونی، عرفان پٹھان، چاولا، کمار، ایشانت شرما۔ | اسی بارے میں شعیب بھارت کے خلاف میچ سے باہر02 July, 2008 | کھیل دھونی ایشیا کپ شیڈول سے ناخوش28 June, 2008 | کھیل کراچی: رائنا کی سنچری، بھارت فاتح28 June, 2008 | کھیل مرلی کی نظر پانچ سو وکٹوں پر28 June, 2008 | کھیل عمرگل ایشیا کپ سے باہر27 June, 2008 | کھیل ان فٹ عمرگل کی جگہ عبدالرؤف28 June, 2008 | کھیل ماجد خان کی پی سی بی پر تنقید28 June, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||