’پاکستان کو دباؤ میں لے آئے تھے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہانگ کانگ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان تبارک ڈار کو اس بات کی خوشی ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کی مضبوط ٹیم کو دباؤ میں لے آئی اور ان کے خیال میں اگر ہانگ کانگ کے بولرز سہیل تنویر اور فواد عالم کی شراکت توڑ دیتے تو پاکستان کے لیے دو سو رنز تک پہنچنا بھی مشکل ہوجاتا۔ پاکستان کے خلاف میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تبارک ڈار نے کہا کہ ان کی ٹیم میچ کے کچھ حصوں میں اچھا کھیلی لیکن ون ڈے میچ جیتنے کے لیے کارکردگی ہر سیشن میں اچھی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی سات وکٹیں صرف ایک سو اکسٹھ پر حاصل کرنے سے وہ زبردست دباؤ قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور پاکستانی ٹیم بیک فٹ پر آگئی تھی اگر وہ سنچری پارٹنرشپ نہ ہوتی اور اس وقت انہیں وکٹ مل جاتی تو صرف بولرز ہی بچے تھے‘۔ ہانگ کانگ کے کپتان نے لیفٹ آرم سلو بولر ندیم احمد کی تعریف کی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے انہیں سات اوورز کے بعد بولنگ سے کیوں ہٹادیا جبکہ وہ چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم پر دباؤ ڈالے ہوئے تھے؟ تو انہوں نے کہا کہ پچاس اوورز کے میچ میں دوسرے بولرز نے بھی بولنگ کرنی تھی لہذا ان کی جگہ وہ کسی دوسرے کو بولنگ کے لیے لے آئے تھے۔ تبارک ڈار تسلیم کرتے ہیں کہ میچ فٹنس کا مسئلہ ان کی ٹیم کے ساتھ درپیش ہے۔ ہانگ کانگ کی ٹیم اب بدھ کو بھارت کی مضبوط ٹیم کے مقابل ہوگی۔ تبارک ڈار کہتے ہیں کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارتی ٹیم موجودہ کارکردگی کے لحاظ سے مضبوط ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس کے لیے آسان حریف بنیں گے ان کی کوشش ہوگی کہ ایک اور اچھی کارکردگی دکھائیں۔ پاکستانی کپتان شعیب ملک یہ ماننے کے لئے تیار نہیں کہ ہانگ کانگ کے خلاف ان کی ٹیم کی کارکردگی بہت خراب رہی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ہر ٹیم مشکل سے دوچار ہوتی ہے لیکن وہ سات وکٹیں گرنے کے باوجود پریشان نہیں تھے اور انہیں یقین تھا کہ اگر ان کی ٹیم دو سو سے کچھ زیادہ رنز بھی بنالیتی ہے تو ان کے بولرز انہیں میچ جتواسکتے ہیں۔ شعیب ملک نے کہا کہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی ناکامی سے لوئر آرڈر بیٹنگ کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا اور انہیں خوشی ہے کہ فواد عالم اور سہیل تنویر نے عمدہ بیٹنگ کی۔ شعیب نے مصباح الحق کی کارکردگی پر اعتراض کو مسترد کردیا اور کہا کہ’نچلے اوورز میں انہیں جتنا بھی موقع ملا ہے وہ سکور کر رہے ہیں‘۔ | اسی بارے میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا24 June, 2008 | کھیل ایشیا کپ افتتاحی میچ منگل کو23 June, 2008 | کھیل ایشیا کپ سے اک نئی شروعات: دھونی23 June, 2008 | کھیل ٹائٹل بچا لیں گے: جیا وردھنے23 June, 2008 | کھیل ایشیا کپ پہلی بار پاکستان میں22 June, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||