’ایشیا کپ سے اک نئی شروعات‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی گزر ے کل کی کامیابیوں کو بھول کر ایشیا کپ کو ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ وہ اس بحث کا حصہ بننے کے لئے بھی تیار نہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ’فیورٹ‘ ہے یا نہیں۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن کے بعد صحافیوں کے روبرو بھارتی کپتان کا کہنا تھا ’ایشیاء کپ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے جس میں ایشیاء کی صف اول کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں جس میں جیت کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی کارکردگی سے بہت مطمئن ہیں لیکن اس کے لئے آپ کو میدان میں کچھ دکھانا ہوگا۔‘ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہوگی کہ آپ کس طرح پورے ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہیں۔ جارحانہ بیٹنگ لیکن دھیمے انداز میں گفتگو کرنے والے مہندر سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ جب آپ کھیلتے ہیں تو صرف کامیابی ہی حاصل نہیں کرتے شکست سے بھی دوچار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی کوئی اہمیت نہیں کہ ماضی میں آپ نے کتنے میچ جیتے اور کتنے ہارے اصل بات آج کی ہے کہ اس دن آپ کیا کررہے ہیں۔ آپ کو بالکل نئے انداز سے ہر چیز شروع کرنی ہوتی ہے خاص کر ون ڈے کرکٹ میں۔ مہندر سنگھ دھونی سے اوپر کے نمبروں پر ان کے بیٹنگ کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کہنے لگے کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ اوپنرز نے ٹیم کو کس طرح کا آغاز فراہم کیا ہے۔ عرفان پٹھان کی فٹنس کے بارے میں سوال پر بھارتی کپتان نے کہا کہ اسے انجری نہیں کہہ سکتے ان کی سائیڈ اسٹرین کا مسئلہ ہے اور پہلے میچ میں انہیں آرام دیا جائے گا تاکہ وہ دوسرے میچ کے لئے فٹ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھے میچز ہیں لہذا نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں بلکہ پوری ٹیم کے لئے ہر میچ چیلنج ہے اور صلاحیتوں کا امتحان ہے۔ اسوقت کرکٹرز کو بیک وقت تین طرز کی کرکٹ کھیلنے کو مل رہی ہے تو ایسے میں وہ خود کو کس طرح ٹوئنٹی ٹوئنٹی پچاس اوورز اور ٹیسٹ کرکٹ کے لئے تیار کرسکتے ہیں؟ اس سوال پر مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ انٹرنیشنل کیلنڈر بہت سخت اور مصروف ہوتا جارہا ہے جس میں کرکٹرز کو ایڈجسٹ کرنا ہی پڑتا ہے۔ دھونی نے کمزور ٹیم ہانگ کانگ کے خلاف بھی تجربات کو خارج ازامکان قرار دے دیا اور کہا کہ کرکٹ بہت عجیب وغریب کھیل ہے۔ دھونی سے جب پاک بھارت مقابلوں کی روایتی رقابت کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ یہ رقابت تو رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاک بھارت کرکٹ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ جب بھارتی ٹیم آسٹریلیا سے کھیلتی ہے تو اس وقت بھی میدان میں یہی کیفیت رہتی ہے۔ تاہم اب پاکستان اور بھارت تواتر سے کھیل رہے ہیں تو پریشر میں بھی کچھ کمی آئی ہے۔ مہندر سنگھ دھونی سے جب یہ پوچھا گیا کہ سی بی سیریز اور پھر ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت نے آپ کو کامیاب کپتان بنادیا ہے اس کا راز کیا ہے؟ تو وہ ہنستے ہوئے بولے ’ اس کا فیصلہ آپ ہی کیجئے۔ کوئی اپنے منہ میاں مٹھو نہیں بنتا۔‘ | اسی بارے میں ایشیا کپ پہلی بار پاکستان میں22 June, 2008 | کھیل ایشیا کپ:پاکستانی ٹیم کا اعلان22 June, 2008 | کھیل عالمی ریکارڈ: آفریدی بے تاب23 June, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||