BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 23 June, 2008, 17:42 GMT 22:42 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ایشیا کپ افتتاحی میچ منگل کو

پاکستان نے حال ہی میں سہ فریقی ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
نویں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ منگل کو نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

ایشیا کپ مقابلوں میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان یہ دوسرا میچ ہے اس سے قبل2004 ء میں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں مدمقابل آئی تھیں اور پاکستان نے یونس خان اور شعیب ملک کی سنچریوں کی بدولت173 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ہانگ کانگ کی ٹیم کسی بڑے دعویٰ کے بغیر ایشیا کپ کھیلنے آئی ہے۔ اس ٹیم میں زیادہ تر کھلاڑی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ صادق آباد سے تعلق رکھنے والے کپتان تبارک ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ان کی ٹیم دونوں میچز میں اپنے طاقتور حریفوں کا مقابلہ کرے۔

ہانگ کانگ کے کوچ آفتاب حبیب ہیں جو دو ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ آفتاب حبیب کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کھیل کر انہیں اے سی سی ٹرافی کی بھرپور تیاری ملے گی۔

پاکستانی کپتان شعیب ملک ہانگ کانگ کو آسان سمجھنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کامران اکمل کو ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کے بعد سلمان بٹ کے ساتھ خود بیٹنگ کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ اس صورت میں وہ ایک اضافی بولر ٹیم میں شامل کرسکیں گے۔

خیال یہی ہے کہ شعیب ملک کے اوپن کرنے کی صورت میں پاکستانی ٹیم میں آف اسپنر سعید اجمل کی جگہ بنائی جائے گی جو پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے منتخب ہوئے ہیں جبکہ پیس اٹیک عمرگل، راؤافتخار اور سہیل تنویر پر مشتمل ہوگا جس کی مدد کے لئے شاہد آفریدی اور شعیب ملک موجود ہونگے۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کا اصل مقابلہ سری لنکا اور بھارت سے ہوگا تاہم بنگلہ دیش کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر میچز ہونے کے باوجود ہوم ایڈوانٹج پاکستانی ٹیم کو زیادہ نہیں مل سکتا کیونکہ برصغیر کی وکٹیں کم وبیش ایک جیسی ہی ہیں۔

شعیب ملک بحیثیت وکٹ کیپر سرفراز احمد کی صلاحیتوں کے معترف ہیں تاہم وہ کہتے ہیں کہ کامران اکمل نے بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے لیکن سرفراز احمد میں بھی وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آئے گی۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کے میچ کے سلسلے میں شائقین کی دلچسپی برائے نام ہے۔ انہیں شدت سے چھبیس جون کے بڑے میچ کا انتظار ہے جب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

بھارت کو سب سے زیادہ چار مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد