آئی پی ایل: کولکتہ کی شاندار جیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بنگلور میں انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے بنگلور رائل چیلنجرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ایک سو چالیس رن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ جیت لیا ہے۔ کولکتہ نائٹ رائڈرز نے برینڈن مکلم کی برق رفتار سنچری کی بدولت فتح کے لیے بنگلور ٹیم کو 223 رن کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن بنگلور کے بلے بازوں نے مایوس کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم پندرہ اوورز میں صرف 82 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلور ٹیم کے نو کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے اور مجموعی سکور میں فاضل رن سب سے بڑا مجموعہ ثابت ہوئے۔ کولکتہ کی کی جانب سے اجیت اگرکر نے تین، سورو گنگولی اور ڈِنڈا نے دو، دو جبکہ ایشانت شرما اور شکلا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ اس سے قبل بنگلور کے کپتان راہول ڈراوڈ نے ٹاس جیت کر کولکتہ نائٹ رائڈرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر برینڈن میکلم کی شاندار سنچری کی بدولت کولکتہ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں دو سو بائیس رن بنانے میں کامیاب رہی۔
اوپنر آنے والے میکلم نے صرف تہتّر گیندوں پر ایک سو اٹھاون رن کی برق رفتار اننگز کھیل کر آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کی اننگز میں تیرہ چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ کولکتہ نائٹ رائڈرز کے دیگر کھلاڑی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔ گنگولی دس، رکی پونٹنگ بیس اور ہسی بارہ رن پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ پانچ رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے مہنگے ٹورنامنٹ انڈین پریمئر لیگ میں کل آٹھ ٹیمیں شریک ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں شریک دنیا کے بہت سے نامور کھلاڑیوں کو انڈیا کے مختلف شہروں کی نمائندگی کے لیے بھاری رقوم دی گئی ہیں۔ مقابلوں کا فائنل یکم جون کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے بڑے بڑے ناموں میں سچن تندولکر(ممبئی)، رکی پونٹنگ(کولکتہ)، میتھیوں ہیڈن(چنئی)، بریٹ لی(پنجاب) اور شین واٹسن(راجستھان) شامل ہیں۔ | اسی بارے میں ’بھارتی ہار کی ذمہ دار آئی پی ایل‘ 06 April, 2008 | کھیل آئی پی ایل نے بھی پابندی لگا دی03 April, 2008 | کھیل ’جیسے بکروں کی نیلامی ہو رہی ہو‘27 February, 2008 | کھیل شعیب سوا چار لاکھ ڈالر میں’نیلام‘20 February, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||