پٹینگولر کپ کے لیے ٹیموں کا اعلان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے پٹینگولر کرکٹ کپ کے لیے پانچ ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے اس سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے لیے ہر ٹیم میں 20 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے یہ اعلان پٹینگولر کپ کی ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب میں کیا۔ یہ ٹورنامنٹ اس سال نئے طریقۂ کار کے تحت کھیلا جا رہا ہے اور اس میں پانچوں ٹیمیں صوبوں کی ٹیمیں ہیں۔ پنجاب کی ٹیم کی کپتانی قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کر رہے ہیں ان کے نائب مصباح الحق ہیں۔ سندھ کی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور نائب کپتان فیصل اقبال ہیں۔ شمال مغربی سرحدی صوبے کی ٹیم کی کپتانی یونس خان کو دی گئی اور ان کے نائب یاسر حمید ہیں جبکہ بلوچستان کی ٹیم میں کوئٹہ اور ملتان کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے اس لیے اس کے کپتان تو نسیم خان ہیں جبکہ نائب کپتان عبدالرؤف کو بنایا گیا ہے۔ ایک ٹیم فیڈرل ایریا کی ہے جس میں دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے کھلاڑی ہیں اور اس کی کپتانی راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر کو ملی ہے اور ان کے نائب راؤ افتخار ہیں۔ پٹینگولر ٹورنامنٹ میں کھیلنے والے ان سو کھلاڑیوں میں فاسٹ بالر محمد آصف اور عمر گل کو شامل نہیں کیا گیا اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ صلاح الدین صلو کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ابھی مکمل فٹ نہیں اس لیے انہیں کھلانے کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کہتے ہیں کہ وہ فٹ ہیں اور انہوں نے پاکستان کی ٹیم کے کیمپ میں ایک دن بالنگ بھی کروائی تھی اس لیے انہیں پٹینگولر کپ میں اپنی فٹ نس ثابت کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ صلاح الدین صلو نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم کے تمام کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور اس میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے ڈومیسٹک سیزن میں بہت اچھی کاکردگی دکھائی اور یہ نوجوان کافی با صلاحیت ہیں اس لیے اس ٹورنامنٹ میں کافی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کپ کے چار روزہ میچز میں کھلاڑیوں کی فٹنس بھی پتہ چلےگی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھانے والے نئے کھلاڑیوں کو زمبابوے کے خلاف موقع دیا گیا اور اب ان مقابلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے والے ممکن ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف آزمائے جائیں۔
تقریب میں موجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے کہا کہ اگر فاسٹ بالر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے دی گئی ریٹینر شپ پر دستخط نہیں کیے تو وہ کسی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہیں اور وہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکتے ہیں۔اس لیے وہ پٹینگولر کپ میں شرکت کے اہل ہیں۔ پٹینگولر کپ میں سنگل لیگ کی بنیاد پر دس چار روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔ اور جس ٹیم کے پوائنٹس سب سے زیادہ ہوں گے وہ فاتح ہوگی۔ فاتح ٹیم دس لاکھ روپے کی انعامی رقم کی حقدار ہوگی اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ ملیں گے۔ ہر میچ کےمین آف دی میچ کو پچاس پچاس ہزار روپے ملیں گے اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی 1600 سی سی کار حاصل کرےگا۔ اس ٹورنامنٹ کو سپانسر کرنے والے ادارے اے بی این ایمرو بینک کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر سلمان سرور بٹ کا کہناتھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو سپانسر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اسے بھی عام لوگوں کے لیے دلچسپ بنایا جائے۔ | اسی بارے میں فٹ باہر، ان فٹ کے لیے کنٹریکٹ28 January, 2008 | کھیل ’دو میچ جیتیں تو ڈھیلے پڑ جاتےہیں‘29 January, 2008 | کھیل جیت سے اعتماد میں اضافہ:شعیب30 January, 2008 | کھیل آخری میچ کے لیے چار نئے چہرے31 January, 2008 | کھیل پاکستان نے کلین سویپ کر دیا02 February, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||