BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 02 October, 2007, 05:51 GMT 10:51 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کراچی: پاکستان کا مڈل آرڈر ناکام

کنیریا
دانش کنیریا نے ٹیسٹ کرکٹ میں دو سو وکٹیں بھی مکمل کر لیں
کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹ کے نقصان پر ایک سو ستائیس رن بنائے ہیں اور اسے فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 124 رن درکار ہیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چار سو پچاس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سلمان بٹ کی بیماری کی وجہ سے پاکستان کی اننگز کا آغاز محمد حفیظ کے ساتھ کامران اکمل نے کیا۔

اوپنرز نے ٹیم کو اکہتر رن کا آغاز فراہم کیا اور اس سکور پر کامران اکمل 42 رنز بنا کر لیفٹ آرم اسپنر پال ہیرس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ محمد حفیظ کو بھی34 رنز انفرادی سکور پر ہیرس نے ہی کیلس کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

پاکستان کا مڈل آرڈر ناکام رہا اور 84 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب یونس خان صرف 6 رنز بنا کر آندرے نیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ فیصل اقبال7 رنز بنا کر کیلس کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ مصباح الحق کو اسٹین کی گیند پر باؤچر نے کیچ کیا وہ23 رنز بنا سکے۔جب کھیل ختم ہوا تو شعیب ملک 9 اور عبدالرحمن ایک رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔

دوسرے دن کھیل کے پہلے سیشن میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی سپنر میچ میں واپس آئے اور دوسرے سیشن میں عمدہ بالنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ایک بڑا سکور کرنے سے روک دیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سپنر عبدالرحمان نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ دانش کنیریا اور عمرگل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسرے دن جنوبی افریقہ کی جانب سے سنچری بنانے والے ژاک کیلس کے علاوہ ابراہم ڈی ویلیئرز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ ستتر رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سنچری میکر ژاک کیلس 155 رن بنا کر دانش کنیریا کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کیلس نے304 منٹ طویل اننگز میں 249 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے19 چوکے لگائے۔ کیلس اور پرنس کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں73 رنز بنے۔

کیلس کو اپنی اننگز میں دو چانس ملے تھے۔ پہلی مرتبہ 36 کے سکور پر دانش کنیریا کی گیند پر کامران اکمل نے اور61 کے اسکور پر حفیظ کی گیند پر سلمان بٹ نے ان کا کیچ ڈراپ کیا تھا۔

کیلس ٹیسٹ کرکٹ میں بغیر ڈبل سنچری کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد8585 ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ کے الیک اسٹیورٹ نے بغیر ڈبل سنچری کے ٹیسٹ کرکٹ میں8463 رنز بنائے تھے۔

ژاک کیلس نے 19 چوکوں کی مدد سے 155 رنز بنائے

لیگ سپنر دانش کنیریا نے اس ٹیسٹ میں ایشول پرنس کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں دو سو وکٹیں بھی مکمل کیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے چھٹے بولر ہیں ان سے قبل وسیم اکرم(414 وکٹیں) وقاریونس (373) عمران خان (362) عبدالقادر(236) اور ثقلین مشتاق ( 208) یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سلمان بٹ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے میدان میں نہیں آئے۔ پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے میڈیا کو بتایا کہ منگل کی علی الصبح سلمان بٹ نے معدے میں تکلیف کی شکایت کی اور درد اس قدر شدید تھا کہ انہیں فوری طور پر ہسپتال لےجایا گیا جہاں انہیں طبی امداد کے بعد داخل کر لیا گیا۔

طلعت علی کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ کے مختلف ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ وہ گیسٹرو میں مبتلا ہیں تاہم یہ نہیں معلوم کہ سلمان بٹ کب تک ہسپتال میں رہیں گے۔ کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن سلمان بٹ کی جگہ یاسر حمید فیلڈنگ کررہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم دو تیز بولرز محمد آصف اور عمرگل جب کہ دو سپنرز دانش کنیریا اور عبدالرحمن کے ساتھ یہ ٹیسٹ کھیل رہی ہے۔ عبدالرحمن کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔

پاکستانی ٹیم:شعیب ملک ( کپتان) سلمان بٹ۔ محمد حفیظ۔ یونس خان۔ فیصل اقبال۔ مصباح الحق۔ کامران اکمل۔ عبدالرحمن۔ عمرگل۔ محمد آصف اور دانش کنیریا۔

جنوبی افریقی ٹیم :گریم سمتھ۔ ہرشل گبز۔ اے بی ڈی ویلیئرز۔ ژاک کیلس۔ ایشول پرنس۔ ہاشم آملا۔ مارک باؤچر۔ آندرے نیل۔ مکھایا نتینی۔ پال ہیرس اور ڈیل اسٹین۔

آسٹریلیا کے سائمن ٹافل اور انگلینڈ کے مارک بینسن میچ کے امپائرز ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایلن ہرسٹ میچ ریفری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد