پاکستان فیورٹ ہے: وسیم اکرم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بالر وسیم اکرم نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ وسیم اکرم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پاکستان کی ٹیم ان کی اپنی ٹیم ہے اس لیے وہ اپنے ماہرانہ تبصروں میں عام طور پر انہیں فیورٹ نہیں کہتے لیکن پاکستان کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان فیورٹ ٹیم ہے۔ وسیم اکرم نے اپنی رائے پر دلیل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے جس طرح عالمی چمپئن آسٹریلیا کو ہرایا ہے اس سے لگتا ہے کہ پاکستان کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل یہ ٹیم بہت با صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیتنا ایک عادت ہے جو پاکستان میں اچھے موقعے پر پیدا ہو رہی ہے کیونکہ جیت سے اعتماد میں بہت اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے بالرز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ جس طرح آصف، عمر گل اور سہیل تنویر بالنگ کرا رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کا یہ شعبہ کافی مضبوط ہے۔ وسیم اکرم نے خاص طور پر نئے لیفٹ آرم فاسٹ بالر سہیل تنویر کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے کیمپ میں سہیل تنویر کو چند ٹپس دی تھیں لیکن جس طرح انہوں نے ان سے فائدہ اٹھایا ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ ایک ذہین بالر ہیں۔
وسیم اکرم نے پاکستان کی ٹیم کے نوجوان کپتان شعیب ملک کو بہت سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح وہ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور خود انہوں نے دو انگز میں پچاس پچاس رنز کیے اس نے بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وسیم اکرم کے مطابق وہ اس نوجوان ٹیم کا مستقبل بہت روشن دیکھتے ہیں اور اگر یہ ٹیم اسی طرح اکٹھی ہو کر کھیلتی رہی تو یہ 2011 کا عالمی کپ بھی جیت سکتی ہے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی اوورز کے اس نئے فارمیٹ کے بارے میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اصل کرکٹ تو ٹیسٹ کرکٹ ہے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو تو تکا کرکٹ کہا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ون ڈے کرکٹ کو متاثر کر سکتی ہے کیونکہ لوگوں کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ سارا دن میچ دیکھیں۔ وسیم اکرم کے مطابق وہ اس کرکٹ سے محظوظ ہو رہے ہیں کیونکہ اس میں لمبے لمبے چھکے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے فری ہٹ کے قانون کو بھی دلچسپ قرار دیا۔ وسیم اکرم کی طرح پاکستان کے ایک اور فاسٹ بالر عاقب جاوید کی رائے میں بھی پاکستان کی ٹیم ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’اس ورلڈ کپ سے پہلے ہی میں نے یہ پیشنگوئی کی تھی کہ پاکستان پہلی تین پوزیشنز میں ضرور آئے گا کیونکہ پاکستان کے پاس بولنگ میں زبردست ورائٹی ہے اور سہیل تنویر کے شامل ہونے سے اس میں اور مضبوطی آ گئی ہے۔ پاکستان کے سابق اوپننگ بیٹسمین مدثر نذر کا کہنا ہے کہ ایک روزہ عالمی کپ میں جوپاکستان کی ٹیم گئی تھی اس کی تیاری اتنی اچھی نہیں تھی جبکہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے لیے جانے والی پاکستانی ٹیم کی تیاری بہت اچھی تھی اور کئی مہینے کھلاڑیوں نے کیمپس میں تربیت کی اور اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے کہ پاکستان نے اب تک بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ مدثر نذر کے بقول انہیں امید ہے کہ جس مستقل مزاجی کے ساتھ پاکستان کی ٹیم نے اب تک کارکردگی دکھائی ہے آگے بھی اچھا ہی کرے گی۔ پاکستان کی اب تک کی کارکردگی سے قوم کی توقعات بھی کافی بڑھ گئی ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی ٹیم اس ورلڈ کپ کی فاتح ہو گی۔ | اسی بارے میں بنگلہ دیش کے خلاف جیت20 September, 2007 | کھیل تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے، شعیب ملک20 September, 2007 | کھیل جیت نے اعتماد دیا ہے، شعیب ملک18 September, 2007 | کھیل پاکستان سیمی فائنل میں 18 September, 2007 | کھیل پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا17 September, 2007 | کھیل انڈیا نے پاکستان کو ہرا دیا14 September, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||