یوراج، چھ چھکے، انڈیا کی جیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کے بیٹسمین یوراج سنگھ نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کردی۔ ڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں انہوں نے انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کے ایک اوور میں چھ چھکے لگا ڈالے۔ ٹٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کواٹھارہ رن سے ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچنے کی امید کو زندہ رکھا۔ انگلینڈ کی ٹیم سپر ایٹ کے تینوں میچز ہارکرٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی ہے۔ ایک اور میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی۔
انگلینڈ کے خلاف انڈیا کے بیٹسمین مکمل طور پر چھائے رہے جس کے نتیجے میں انڈیا نے بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر دو سو اٹھارہ رن بناڈالے۔ سہواگ اور گمبھیر نے ایک سو رن کی شاندار شراکت سے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ سہواگ نے اڑسٹھ اور گمبھیر نےاٹھاون رن اسکور کئے لیکن یوراج سنگھ اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میلہ لوٹ کر لے گئے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بیٹسمین نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک اوور کی چھ گیندوں پر چھکے لگائے ہوں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سرگیری سوبرز اور روی شاستری جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ہرشل گبز کو ایک اوور کی چھ گیندوں پر چھ چھکے مارنے کا اعزاز حاصل ہے۔
یوراج کی اننگز میں سات چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ جواب میں انگلینڈ کی مزاحمت چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو رن پر آکر ٹھہر گئی۔ وکرم سولنکی تینتالیس رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کیون پیٹرسن نے انتالیس اور کپتان پال کالنگ ووڈ نےاٹھائیس رن اسکور کئے۔ انڈیا کی جانب سے عرفان پٹھان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مورن مورکل کی چار وکٹوں کی اچھی کارکردگی کے سبب آٹھ وکٹوں پر ایک سو ترپن رن بنا سکی۔ لوونسنٹ اور میکلم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں اڑسٹھ رن کا اضافہ کیا لیکن بعد کے بیٹسمین خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ونسنٹ نے بتیس اور میکلم نے اڑتیس رن اسکور کئے۔ جنوبی افریقہ نے جسٹن کیمپ کے چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائے گئے ناقابل شکست نواسی رنز کی بدولت مطلوبہ اسکور چار وکٹوں پر پورا کرلیا۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جمعرات کو کیپ ٹاؤن میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیا اور سری لنکا سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اہم میچ میں مدمقابل ہونگے۔ سیمی فائنل میں پہنچ جانے والی پاکستانی ٹیم کل بنگلہ دیش سے کھیلے گی۔ | اسی بارے میں گبز کے چھکے، کیلیس کی سینچری16 March, 2007 | کھیل لارا نے بالروں کے چھکے چھڑا دیئے21 November, 2006 | کھیل چھ چھکے لگانا چاہتا تھا: آفریدی14 January, 2006 | کھیل انڈیا کی دس رنز سے شکست16 September, 2007 | کھیل پاکستان سیمی فائنل میں 18 September, 2007 | کھیل بنگلہ دیش سری لنکا سے ہار گیا19 September, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||