 | | | کرس گیل نے ستاون گیندوں پر ایک سو سترہ رنز بنائے |
جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی پہلی سنچری تو بنا لی لیکن فتح پھر بھی جنوبی افریقہ کو حاصل ہوئی۔ آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو پانچ رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر اٹھارویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کی اننگز کے دوران تین کیچ گرائے اور تیئس (23) وائڈ بالز کیں۔ گیل نے ستاون گیندوں پر ایک سو سترہ رنز بنائے، جن میں دس چھکے بھی شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ہرشل گبز نے تیرہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے نوے رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ کے اختتام پر کپتان گراہم سمتھ کی نمائندگی کرتے ہوئے شان پولاک نے کہا کہ کرس گیل کی اننگز انتہائی شاندار تھی۔ ’لیکن اس کے باوجود حاصل ہونے والی جیت نے ہمارے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔‘  | | | ہرشل گبز نے نوے رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے |
جنوبی افریقہ کے کپتان سمتھ کو بیٹنگ کے دوران ہاتھ پر ایک تیز گیند لگنے کے باعث ہسپتال جانا پڑا تھا۔ تاہم پولاک کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سمتھ کو کوئی فریکچر نہیں آیا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان رام نریش ساروان نے شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’مسلسل کیچ گرا کر ہم نے خود سے کوئی انصاف نہیں کیا اور ہمیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔‘ |