’گڈو آج بھی پہلے کی طرح معصوم ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تقریباً 29 برس بعد ہندوستان کی کرکٹ ٹیم میں دو بھائیوں عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان کو شامل کیا گیا ہے۔آحری مرتبہ دو بھائی 1978 میں سریندر امرناتھ اور مہیندر امرناتھ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیلے تھے۔ اس سے پہلے نذیرعلی، وزیرعلی اور کرپال سنگھ ، ملکھا سنگھ کی جوڑیاں بھی بھارت کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ عرفان اور یوسف کی والدہ شمیم بانو سے ہماری نامہ نگار صوفیہ بانو نے ملاقات کی اور ان سے پوچھا کہ عرفان کی ٹیم میں واپسی ہوگئی ہے اور آپ کے بڑے بیٹے یوسف بھی ٹیم میں شامل کر لیے گئے ہیں تو دونوں بیٹوں کو بھارتی کرکٹ ٹیم میں دیکھ کر کیسا لگ رہا ہے؟ ’بہت خوشی ہے ۔ ہم نے بہت دعائيں مانگیں تھیں اور باقی سب کی دعائيں بھی کام آئیں‘۔ عرفان کو کامیابی بہت پہلے مل گئی، یوسف کو دیر سے موقع ملا دونوں بھائیوں کے درمیان میدان میں تو مقابلہ چلتا ہی ہے تو کیا یہ مقابلہ گھر تک بھی آتا ہے؟ ’نہیں ان کے درمیان کوئي مقابلہ نہیں ہے گھر پر تو وہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیاں بتاتے رہتے ہيں ۔ تم نے آج یہ غلطی کی اور تم نے آج وہ غلطی کی‘۔ ننھے عرفان اور آج کے عرفان میں کیا فرق نظر آتا ہے آپ کو؟ ’اس میں کوئی فرق نہیں آیا ہے۔ گڈّو (عرفان ) جیسا پہلے معصوم تھا آج بھی ویسا ہی ہے۔ بس اب وقت کم مل پاتا ہے۔ کبھی صبح پریکٹس تو کبھی شام‘۔ عرفان اور یوسف کی بچپن کی شرارتیں یاد آتی ہیں آپ کو؟ ’شرارت تو دونوں کرتے تھےاور ایک دورسرے سے گتھم گتھہ ہو جاتے تھے‘۔ ضد کرتے ہوں گے تو کان کھنچائی بھی ہوتی ہوگی؟ ’نہيں ضدی نہیں بلکہ سیدھے سادے تھے۔ کبھی ضد بھی کرتے تھے لیکن سمجھانے پر مان جاتے تھے۔ کبھی کبھی ہاتھ بھی اٹھ جاتا تھا۔ کبھی میرا کھبی ان کے ابّا کا‘۔ عرفان اور یوسف ميں امّی کا راجہ بیٹا کون ہے؟ ’ان کی چھوٹی بہن شگفتہ بھی ہے۔اگر وہ دونوں دو آنکھوں کی طرح ہیں تو بیٹی ان کے درمیان ناک ہے‘۔ دو بھائیوں کے درمیان ایک چھوٹی بہن یعنی بھائی بہن کے درمیان شرارت کافی ہوتی ہوگی؟ ’عرفان کے ساتھ تو زیادہ نہیں لیکن یوسف اور شگفتہ کے درمیان کافی ہنسی مذاق چلتا رہتا ہے‘۔ شگفتہ کو بھی اپنے بھائیوں پر فخر ہوتا ہوگا اورسکول میں بھی ان کے چرچے ہوں گے؟ ’ہاں چرچے تو ہیں لیکن وہ کافی شرمیلی ہے۔ سکول ميں کوئی نئی ٹیچر اس سے پوچھتی ہے۔ کیا واقعی تم عرفان کی بہن ہو؟ تو وہ کوئی جواب نہیں دیتی بلکہ اس کی سہیلیاں جواب دیتی ہیں کہ ہاں یہ واقعی عرفان کی بہن ہے‘۔ میدان پر تو عرفان بازی مار چکے ہیں کیا پڑھائی میں بھی ان کے یہی جلوے تھے؟ ’پڑھائی میں بھی اچھا رہا ہے۔ ہمیشہ اچھے نمبر لاتا تھا‘۔ کرکٹ کے علاوہ اور کیا شوق ہیں ان کے؟
’اکثر موسیقی سنتا رہتا ہے اسے نئے پرانے سب طرح کے گانے پسند ہیں‘۔ عرفان کے پاس لڑکیوں کے فون آتے ہیں خط آتے ہیں تو کیسا لگتا ہے؟ ’اچھا لگتا ہے۔ خوشی ہوتی ہے کہ اللہ نے اسے ایسا بنایا کہ لوگ اسے پسند کرتے ہيں۔ کبھی کوئی بری چیز ہوتی ہے تو برا بھی لگتا ہے‘۔ شادی کے لیے رشتے بھی آتے ہوں گے؟ ’بہت رشتے آتے ہیں لیکن ابھی وہ چھوٹا ہے، عرفان خود کہتا ہے کہ ابھی اسے زندگی میں بہت کچھ حاصل کرنا ہے‘۔ لیکن جب بھی عرفان کی دلہن یا آپ کی بہو آئے گی تو وہ کس کی پسند کی ہوگی آپ کی یا عرفان کی پسند کی؟ ’اگر میں بھی پسند کروں گی تو وہ بھی عرفان کی پسند کے مطابق ہوگی۔ کیوں کہ زندگی تو اسے گزارنی ہے اگر عرفان کسی کو پسند کرتا ہے تو وہ بھی سر آنکھوں پر‘۔ اچھا یہ بتائیں کہ عرفان کو کھانے میں کیا پسند ہے؟جب لمبے دورے سے واپس آتے ہیں تو آپ کے ہاتھ کا بنا کیا کھانا چاہتے ہيں؟ ’میتھی کی بھاجی اور آلو بینگن کی سبزی خاص طور پر سردیوں میں۔ ویسے دونوں بھائی بہت سادہ کھانا کھاتے ہیں۔ انہیں سب کچھ پسند ہیں‘۔ آپ کو عرفان کی اب تک کی سب سے اچھی کون سی کارکردگی لگی؟ ’جب اس نے پاکستان کے خلاف کراچی میں ٹیسٹ میچ کی پہلی تین گیندوں پر تین وکٹ لیے تھے۔ مجھے کیا اس پورے ملک کو ان کی یہ کارکردگی ہمیشہ یاد رہے گي‘۔ | اسی بارے میں عرفان پٹھان کی ٹیم میں واپسی30 January, 2007 | کھیل پٹھان ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے25 February, 2007 | کھیل ٹوئنٹی ٹوئنٹی دھونی کی قیادت میں07 August, 2007 | کھیل انڈیا کی تاریخی جیت01 April, 2004 | کھیل انڈیا سیریز جیت گیا24 March, 2004 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||