 | | | تندولکر جب آؤٹ ہوئے تو بیالیسویں سنچری بنانے کے قریب تھے |
مایۂ ناز بھارتی بلے باز سچن تندولکر ایک روزہ کرکٹ میں پندرہ ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بننے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بلفاسٹ میں سٹورمونٹ کے مقام پر جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں تندولکر نے جب پچاس رنز مکمل کیے تو ساتھ ہی انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں پہلی دفعہ پندرہ ہزار رنز بننے کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ تندولکر ایک روزہ کرکٹ میں اپنی بیالیسویں سنچری بنانے کے قریب تھے جب ترانوے کے سکور پر سپنر تھندی شبلالہ نے انہیں آؤٹ کردیا۔ جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ پچاس اوورز کھیلتے ہوئے دو سو چھبیس رنز بنائے تھے۔ جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف انچاسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے سیریز برابر کر دی۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ |