BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 27 April, 2007, 15:20 GMT 20:20 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دس ہزار کا سوچ رہا ہوں: انضمام

انضمام
اگر میرے نصیب میں مزید کرکٹ لکھی ہے تو میں کھیلوں گا: انضمام
ورلڈ کپ کی شکست نے انضمام الحق کو بھی ایک ایسے موڑ پر لا کھڑا کردیا ہے جہاں ان کی کرکٹ میں ان کی اپنی خواہش سے زیادہ دوسروں کی مرضی کا دخل شامل ہوگیا ہے۔

اس سال جنوبی افریقی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی تو کیا پاکستانی ٹیم میں انضمام الحق شامل ہونگے؟ سابق کپتان کا مستقبل اسی سوال سے جڑا ہوا ہے۔

کیا انضمام الحق کو مزید نہ کھلانے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ فیصلہ کرچکا ہے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی خبریں آچکی ہیں کہ سابق کپتان کو شاید ٹیم میں شامل نہ کیا جائے۔

ان قیاس آرائیوں کی حقیقت جاننے کے لئے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ صلاح الدین صلو سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انضمام الحق کے مستقبل کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی پالیسی مرتب نہیں کی ہے۔ انضمام الحق بہت بڑے کھلاڑی ہیں جن کی بے پناہ خدمات ہیں تاہم چیف سلیکٹر نے یہ بات بھی گوش گزار کردی کہ انضمام الحق کی ٹیم میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہوگی۔

انضمام الحق جو ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر کنارہ کشی کا قطعاً ارادہ نہیں رکھتے۔

انضمام الحق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ حالات اس وقت پہلے سے مختلف اور مشکل ہیں لیکن وہ اس صورتحال میں پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں اور عمدہ کارکردگی سے صورتحال کا مقابلہ کرینگے۔

انضمام الحق کہتے ہیں ’ابھی ٹیسٹ سیریز میں چار پانچ ماہ ہیں فی الحال میں کچھ کہنا نہیں چاہتا فرسٹ کلاس کرکٹ ہوگی تو جو لوگ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں اس کا جواب بھی اسی وقت دوں گا‘۔

انضمام الحق کے ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ صرف جاوید میانداد کے ٹیسٹ کرکٹ میں8832 رنز کے پاکستانی ریکارڈ کو اپنا ٹارگٹ بنائے ہوئے ہیں لیکن میں نے جب انضمام الحق سے اس بارے میں پوچھا تو ان کا جواب ان کے بلند عزائم کی عکاسی کرتے ہوئے حیران کن تھا۔

’میرے ذہن میں جاوید میانداد کا ریکارڈ بالکل نہیں ہے بلکہ میں خود کو فٹ اور فارم میں رکھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔ اب میری کرکٹ صرف ریکارڈ کے ان بیس رنز کے لیے نہیں بلکہ دس ہزار رنز تک پہنچنے کے لیے ہوگی۔ ٹھیک ہے میری فارم اور فٹنس دیکھی جائے گی اگر میرے نصیب میں مزید کرکٹ لکھی ہے تو میں کھیلوں گا‘۔

انضمام الحق ون ڈے انٹرنیشنل میں11739 رنز بناچکے ہیں جو سچن تندولکر اور سنتھ جے سوریا کے بعد تیسرا بڑا مجموعی اسکور ہے۔

سچن تندولکر اور برائن لارا ہی دو ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں میں دس دس ہزار سے زائد رنز بنارکھے ہیں۔

رنز کے اعتبار سے دنیا کے تیسرے سب سے کامیاب بیٹسمین کے طور پر ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے انضمام الحق جاوید میانداد کے کسی بھی پاکستانی کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کے ریکارڈ سے صرف بیس رنز کے فاصلے پر کھڑے ہیں تو کیا صرف اسی ریکارڈ کے لئے ان کی باقی ماندہ کرکٹ رہ گئی ہے؟ انضمام الحق کے ارادے کچھ اور ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد