سپر ایٹ کے راؤنڈ میں ہر ٹیم کل چھ میچ کھیلے گی۔ وہ یہ میچ ہر اس ٹیم کے خلاف کھیلے گی جس سے وہ گروپ سٹیج پر نہیں کھیل پائی۔ گروپ سٹیج کے چار فاتح آسٹریلیا، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز اس راؤنڈ میں دو اضافی پوائنٹس کے ساتھ کھیل رہے ہیں کیونکہ انہوں نے گروپ سٹیج میں اپنے اپنے گروپوں میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو بھی شکست دی تھی۔ اس مطلب یہ ہے کہ جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور آئرلینڈ کو سپر ایٹ کے اختتام پر پہلی چار ٹیموں میں آنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔ ہر ٹیم کو جیت کے دو، اور ٹائی یا فیصلہ نہ ہونے پر ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔ اگر ایک سے زیادہ ٹیمیں چوتھی پوزیشن کے لیے ٹائی ہو جاتی ہیں تو مندرجہ ذیل قوانین لاگو ہوں گے: ۔ جو ٹیم سب سے زیادہ میچ جیتی آگے جائے گی، لیکن اس کے بعد کا فیصلہ مجموعی رن ریٹ (جو کہ عالمی کپ میں کھیلے گئے سب میچوں کا ہو گا) ہی کرے گا۔ ۔ اگر ایسا ہی ہو جائے (جو کہ بہت مشکل ہے) کہ مجموعی رن ریٹ بھی ایک جیسے ہوں تو جس ٹیم نے جتنی گیندیں پھینکی ہوں اس میں زیادہ وکٹیں حاصل کی ہوں گی وہ ہی آگے جائے گی۔ سیمی فائنلز جو ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں پہلے نمبر پر آئے گی وہ چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کے ساتھ سیمی فائنل کھیلے گی۔ اور دوسرے نمبر پر آنے والی تیسرے نمبر پر آنے والی کے ساتھ۔ |