BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 19 March, 2007, 13:24 GMT 18:24 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ون ڈے کی’سب سے بڑی شکست‘
ظہیر خان
ظہیر خان نے پہلے ہی اوور میں انڈیا کو کامیابی دلائی
ٹرینیڈاڈ میں گروپ بی کے ایک میچ میں انڈیا نے برمودا کو 257 رن کے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی ہے۔

یہ ایک روزہ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔

چار سو چودہ رن کے ریکاڈ ہدف کے تعاقب میں برمودا کی ٹیم چوالیسویں اوور میں 157 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ برمودا کی جانب سے ہیمپ نصف سنچری بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے 76 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

برمودا کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی جونز تھے جنہیں کمبلے نے آؤٹ کیا۔ اس سے قبل تندولکر نے لیوروک جبکہ اجیت اگر کر نے ہرڈل، کین اور مائنرز کی وکٹیں حاصل کیں۔ آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں ٹکر اور ومانی کو کمبلے نے آؤٹ کیا جبکہ بورڈن کو مناف پٹیل نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

انڈیا کی جانب سے ظہیر خان نے برمودا کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں پہلی وکٹ حاصل کی تھی۔ برمودا کا آؤٹ ہونے والا دوسرا کھلاڑی بھی ظہیر خان کا ہی شکار بنا۔

کمبلے نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا

اس سے قبل انڈیا نے مقررہ پچاس اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر چار سو تیرہ رن بنائے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے اور پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ کے کسی میچ میں چار سو سے زائد رن بنے ہوں۔انڈین اننگز کے دوران مجموعی طور پر تیس چوکے اور اٹھارہ چھکے لگے۔

انڈیا کی جانب سے وریندر سہواگ، سورو گنگولی، سچن تندولکر اور یوراج سنگھ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سہواگ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے چودہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے صرف اکیاسی گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ وہ 114 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ یوراج سنگھ نے سات چھکوں کی مدد سے صرف چھیالیس گیندوں پر 83 جبکہ تندولکر نے چھبیس گیندوں پر 53 رن سکور کیے۔

گنگولی کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا

بھارت کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی مہندر دھونی تھے جو 31 رن بنا کر کیچ ہوئے۔ ان سے قبل سوروگنگولی نواسی رن کی اننگز کھیل کر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ گنگولی اور سہواگ کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے دو سو رن سے زائد کی پارٹنر شپ ہوئی۔

برمودا نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سوورو گنگولی اور رابن اتھپا نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ تاہم پہلے اوور میں تین رن بنانے کے بعد دوسرے اوور کی پہلی گیند پر ہی انڈین اوپنر رابن اتھپا سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی کوچ باب وولمر کے انتقال پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے کچھ دیر خاموشی اختیار کی اور مرحوم کوچ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

بنگلہ دیش کے ہاتھوں ابتدائی میچ میں شکست کے بعد اور ورلڈ کپ کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے ٹرینیڈاڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انڈیا کو بڑے مارجن سے فتح کی ضرورت تھی جو کہ اس نے حاصل کی۔

برمودا ٹیم اتھپا کی وکٹ کے حصول پر خوشی مناتے ہوئے

بھارتی کپتان راہول ڈراوڈ نے میچ سے قبل کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا’ہمیں یہ میچ اور آنے والا مقابلہ بڑے مارجن سے جیتنا ہوں گے‘۔

بھارت نے اس میچ کے لیے ایک تبدیلی کی ہے اور آف سپنر ہربھجن سنگھ کی جگہ لیگ سپنر انیل کمبلے کو ٹیم میں شامل کیا گیا جنہوں نے اپنے انتخاب کو تین وکٹوں کے ساتھ درست ثابت کیا۔

انڈیا سے مقابلے سے قبل برمودا کے کوچ اور سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی گس لوگی نے کہا کہ ان کی ٹیم اس ورلڈ کپ کے ہر میچ سے کچھ نہ کچھ سیکھنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ’اگر اس میچ میں ہم پچاس اوور بیٹنگ کر لیں تو یہ ہمارے لیے ایک مثبت بات ہو گی‘۔

انڈین ٹیم: راہول ڈراوڈ، سچن تندولکر، وریندر سہواگ، رابن اتھپا، یوراج سنگھ، مہندر دھونی، سارو گنگولی، اجیت اگرکر، انیل کمبلے، ظہیر خان، مناف پٹیل۔

برمودا ٹیم: رومانے، مائنرز، بورڈن، کین، ہمپ، ہرڈل، لیوراک، مقدم، پچر، سمتھ، جے ٹکر۔

ذکر جمیکا کا
غلط ترجمے اور لاہوری موٹرسائیکل سوار
سیبانداورلڈ کپ تیسرا دن
آئرلینڈ اور زمبابوے کے میچ کی جھلکیاں
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد