شعیب جنوبی افریقہ پہنچ گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فاسٹ بالر شعیب اختر اس عزم کے ساتھ جنوبی افریقہ پہنچے ہیں کہ وہ پاکستانی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ شعیب اختر کو سیلیکٹرز نے اس جواز کے تحت جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا کہ انہیں میچ فٹنس درکار ہے لیکن قائداعظم ٹرافی کے ایک میچ میں شعیب اختر نے اکیس اوورز کرا کر فٹنس اور پانچ وکٹیں حاصل کرکے فارم ثابت کردی۔ اسی دوران عمرگل کے ان فِٹ ہوجانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہ تھا کہ وہ شعیب اختر کو جنوبی افریقہ روانہ کرے۔ تاہم بروقت فلائٹ نہ ملنے کے سبب ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی روانگی جمعرات سے پہلے ممکن نہ ہوسکی اور اب وہ انیس جنوری سے پورٹ الزبتھ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں دستیاب ہوں گے۔ 42 ٹیسٹ میچوں میں 165 اور 133 ون ڈے انٹرنیشنل میں208 وکٹیں حاصل کرنے والے شعیب اختر نے جنوبی افریقہ روانگی سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جذباتی لہجے میں کہا کہ وہ ہمیشہ ملک سے وفادار رہے ہیں۔ پاکستان کے لیے کھیلنا اور اس کی جیت میں کردار ادا کرنا ان کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔ شعیب اختر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ان کے لیے بہت تکلیف دہ رہا۔ گھٹنے کے آپریشن اور ٹانگ ٹوٹنے سے لے کر ڈوپنگ کے معاملے نے انہیں ذہنی طور پر بہت پریشان کیے رکھا لیکن والدین کی دعاؤں اور پرستاروں کی نیک خواہشات نے انہیں اس مشکل سے نکالا۔ طوفانی رفتار والے فاسٹ بولر نے کہا کہ وہ اس سوچ کے ساتھ جنوبی افریقہ جارہے ہیں کہ پاکستان ان کے لیے اہمیت رکھتا ہے کوئی انفرادی شخص یا آرگنائزیشن نہیں۔ اس سے زیادہ فخر کی بات ان کے لیے کوئی اور نہیں ہوسکتی کہ پاکستان جیتے اور اس میں ان کا اہم کردار ہو۔ شعیب اختر نے کہا کہ جنوبی افریقہ جاتے ہوئے وہ خود پر کوئی دباؤ محسوس نہیں کررہے ہیں۔ تاہم یہ ضرور ہے کہ انہیں ٹیسٹ میچ سے قبل کوئی سائیڈ میچ نہیں ملے گا اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہاں کے موسمی حالات سے جلد سے جلد خود کو ہم آہنگ کرلیں۔ شعیب اختر نے جنوبی افریقہ کے تین دورے کیے ہیں۔98-1997ء میں انہوں نے تین ٹیسٹ میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن2003 کے دورے میں وہ کوئی ٹیسٹ نہیں کھیل سکے۔ اس دورے میں انہوں نے دو ون ڈے میچوں میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اسی سال ورلڈ کپ کے چار میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد آٹھ تھی۔ | اسی بارے میں شعیب کو جنوبی افریقہ بلا لیا گیا08 January, 2007 | کھیل وجہ اختلافات نہیں فٹنس ہے، انضمام 03 January, 2007 | کھیل ’ڈوپنگ کا معاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا ہے‘20 December, 2006 | کھیل شعیب اختر، محمد آصف بری05 December, 2006 | کھیل ’شعیب شاید واپس نہ آسکیں‘07 November, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||