’ تھِنک ٹینک بنائیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انہوں نے سابق کھلاڑیوں پر مشتمل تھنک ٹینک بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سولہ سابق کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ بات اتوار کے روز پی سی بی کے چئرمین نے سابق صدر پاکستان غلام اسحاق خان کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا کیمپ منگل 31 اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگایا جائے گا۔پی سی بی کے چئر مین کے مطابق وہ کیمپ کے آغاز سے پہلے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے چمیئنز ٹرافی میں پاکستان کی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے زمن میں کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم سے کچھ غلطیاں سر زد ہوئیں اور انہی غلطیوں کے ازالے کے لیے قذافی سٹیڈیم میں کیمپ کےدوران سینئر کرکٹرز کو مدعو کیا جائے گا جو ان غلطیوں کو دور کرنے مں ٹیم کی مدد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقل بنیادوں پر ٹیم میں خامیاں دور کرنے کے لیے تِھنک ٹینک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر نسیم اشرف کے مطابق تِھنک ٹینک میں شامل سینئر کھلاڑی نا صرف اوپنگ، فیلڈنگ اور بالنگ کی بہتری کے لیے تجاویز دیں گے بلکہ ان سے مشورہ کیا جائے گا کہ غیر ملکی دوروں کے لیے ٹیم کو کیسے تیار کیا جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عالمی کپ کرکٹ ابھی دور ہے پہلی ترجیح ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم تیار کرنا ہے۔ چیرمین پی سی بی نے شعیب اختر اور محمد آصف کی بارے میں کیے گئے سال پر کہا کہ ان کے مستقبل کے حوالے سے کمیٹی جوبھی فیصلہ کرے گی وہ حتمی فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان دونوں کی غیر موجودگی سے چمپئنز ٹرافی میں بالنگ اٹیک کمزور ہوا لیکن عمر گل نے اچھی بالنگ کی جو خوش آئند بات ہے۔ محمد سمیع کو بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بالنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے طویل مدتی کیمپ لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گراس روٹ پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کرکٹ بورڈ میں طویل المعیاد پالیسی بنائی جا رہی ہے اور گیارہ سال کی عمر کے بچوں کی تربیت کا پروگرام ہے۔ یہ بچے لاہور میں مستقل تربیت حاصل کریں گے اور ان کو لاہور ہی میں تعلیم بھی دی جائے گی۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ آسٹریلیا کی طرز پر دو تین متبادل ٹیمیں تیار کرنے کے لیے بھی تربیت کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ |
اسی بارے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے مینیجر12 September, 2006 | کھیل ڈاکٹر نسیم اشرف تنقید کی زد میں24 October, 2006 | کھیل وولمر ڈوپِنگ کمیٹی کے سامنے طلب28 October, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||