میرا کھیل بہتر ہوا ہے: ثانیہ مرزا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی مشہور ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کی مقبولیت میں کمی آئی ہے لیکن ثانیہ کے اعتماد میں کوئی فرق نہیں آیا ہے۔ بیرونی ممالک کے طویل دورے سے واپسی کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھلے ہی کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہ جیت سکی ہوں لیکن ان کے کھیل میں بہتری آئی ہے۔ ماڈلنگ اور فیشن کی دنیا میں ثانیہ ابھی بھی ایک سٹارہیں۔ حیدرآباد میں انہوں نے لوٹو سپورٹس انڈیا کمپنی کے ’فال ونٹر 06 ثانیہ سگنیچر کلکشن‘ کو منظر عام لانے کی ایک تقریب میں شرکت کی۔ ثانیہ اطالوئی کمپنی لوٹو کی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ اس کلکشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شامل تمام ملبوسات ٹی شرٹس، جیکٹس وغیرہ پر ثانیہ مرزا کے دستخط ہیں۔ اس موقع پر ثانیہ نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ڈبلیو ٹی اے کی رینکنگ میں وہ 32 ویں مقام سے گرکر 70 ویں مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ ’کھیل میں ہار جیت تو لگی رہتی ہے مجھے صرف اپنے کھیل کی پرواہ ہے جس میں برابر بہتری آ رہی ہے۔ پہلے صرف میرا فور ہینڈ اچھا تھا لیکن اب میرا پورا کھیل بہتر ہوا ہے یہ الگ بات ہے کہ میری موجودہ رینکنگ اس بہتری کو ظاہر نہیں کرتی ہے‘۔
ثانیہ نے بڑی خود اعتمادی سے کہا ’میں اپنے کیرئر میں کوئی گرانڈ سلام جیتوں گی یا نہیں یہ کہا نہیں جاسکتا لیکن میری پوری توجہ کھیل پر مرکوز ہے اور اسی میں مجھے مزہ آتا ہے ابھی میری عمر صرف 19 سال ہے اور میرے آگے کافی طویل کیرئر ہے‘۔ ثانیہ مرزا کے لیئے فٹنس شروع ہی سے ایک مسئلہ رہا ہے اور پاؤں کی چوٹ انکے لیے بڑا مسئلہ بنتی رہی ہے۔ لیکن ثانیہ کا کہنا ہے کہ آنے والے مقابلوں کے لیئے وہ اپنے آپ کو فٹ محسوس کررہی ہیں۔ ثانیہ، کولکتہ گئی ہیں جہاں وہ سن فیسٹ اوپن میں حصہ لیں گی جو آئندہ پیر سے شروع ہورہا ہے۔ ڈبلیو ٹی اے درجہ بندی میں نیچے آنے کے نتیجہ میں کولکتہ اوپن میں بھی ثانیہ مرزا تیسرے سیڈ سے 5 ویں سیڈ پر پہنچ گئی ہیں جبکہ سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہیں۔ ثانیہ کو امید ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں بہتر مظاہرہ کر کے وہ زیادہ بہتر مستقبل کی طرف پیش رفت کر سکیں گی۔ مستقبل کی طرف بہتر انداز میں پیش رفت ہو سکے گی۔ |
اسی بارے میں ثانیہ: رینکنگ میں کمی، ماڈلنگ متاثر13 September, 2006 | کھیل دبئی میں ثانیہ کی فتح01 March, 2005 | کھیل ثانیہ مداحوں کے دباؤ میں21 June, 2005 | کھیل وینس ولیمز نے ثانیہ مرزا کو ہرا دیا06 January, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||