عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | کپتان، کوچ اور ٹیم مینجمنٹ کو اوول تنازع کے بارے میں بات کرنے سے روک دیا گیا ہے |
انضمام الحق نے انگلینڈ سے کراچی پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اوول ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیئے جانے پر بطور احتجاج بائیکاٹ کو حق بجانب قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ہار جیت سے قطع نظر ملکی وقار اور اپنے اوپر لگنے والے الزام کو غلط ثابت کرنا زیادہ اہم بات ہوتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے منگل کو ایڈہاک کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انضمام الحق نے اس قسم کی کوئی بات کی ہے تو یہ ان کے خلاف جاسکتی ہے دوسرے لفطوں میں یہ اپنے پیر پر کلہاڑی کے مترادف ہے۔ شہریارخان کا کہنا ہے کہ کپتان، کوچ اور ٹیم مینجمنٹ کو اوول ٹیسٹ قضیئے کے بارے میں بات کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کی کپتانی پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ انضمام الحق کو ستائیس اور اٹھائیس ستمبر کو آئی سی سی میچ ریفری کے سامنے پیش ہوکر دو الزامات کی صفائی دینی ہے جن کا تعلق کھیل کا وقار خراب کرنے اور بال ٹیمپرنگ سے ہے۔ انضمام الحق کے علاوہ ظہیرعباس، باب وولمر، دانش کنیریا اور عمرگل بھی سماعت میں پیش ہوں گے۔ |