ارجنٹائن، انگلینڈ فاتح،سویڈن برابر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فٹبال کے اٹھارویں عالمی کپ کے دوسرے دن تین میچ کھیلے گئے جن میں انگلینڈ نے پیراگوائے کو اور ارجنٹائن نے آئیوری کوسٹ کو شکست دی جبکہ سویڈن اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے روز کےمیچوں میں ارجنٹائن اور آئیوری کوسٹ کا میچ سب سے دلچسپ رہا جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوبصورت کھیل پیش کیا۔ ارجنٹائن نے پہلے ہاف میں دو گول کیئے جبکہ آئیوری کوسٹ نے کھیل کے آخری نو منٹوں میں پہلا گول کیا اور یوں ارجنٹائن نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔ مجموعی طور پر ارجنٹائن کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی۔ اس سے پہلے پیراگوائے اور انگلینڈ کے میچ میں پیراگوائے کی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہی۔ میچ کا واحدگول کھیل کے تیسرے منٹ میں پیراگوائے کے کپتان گمارا کی غلطی سے اس وقت ہوا جب ڈیوڈ بیکھم کی ایک فری کک ان کے سر سے لگ کر گول میں چلی گئی۔ پہلے ہاف میں جہاں انگلش ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا وہیں دوسرے ہاف کے دوران پیراگوائے کے کھلاڑیوں نے نہ صرف انگلش کھلاڑیوں کے حملوں کو روکا بلکہ چند اچھی موورز بھی بنائیں۔ سویڈن اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے میچ میں دونوں ٹیموں کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی یقینی گول بچائے۔ سویڈش کھلاڑی اگرچہ میچ کے دوران اپنے مدِ مخالف کھلاڑیوں پر حاوی رہے تاہم وہ گیند کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ اور پیراگوائے کا میچ فرینکفرٹ کے کمرزبنک ایرینا میں کھیلا گیا جبکہ سویڈن اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے درمیان ڈارٹمنڈ کے سگنل ادونا پارک میں مقابلہ ہوا۔ دونوں سٹیڈیموں میں ہزاروں شائقین اپنی اپنی ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کے لیئے موجود تھے۔ گروپ بی کے دو ابتدائی میچوں کے بعد انگلینڈ تین پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ سویڈن اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا ایک، ایک پوائنٹ ہے جبکہ پیراگوائے صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم: ڈیوڈ بیکھم(کپتان)، پال رابنسن، سٹیفن جیرارڈ، فرینک لمپارڈ، جان ٹیری، ریو فرڈیننڈ، گیری نیول، ایشلے کول، جو کول، پیٹر کراؤچ اور مائیکل اوون۔ پیراگوائے کی ٹیم: بوباڈیلا، کنیزا،گمارا،کیکارز، ٹولیڈو، بونٹ، اکیونا، پیراڈس، ریواروس، والڈز اور سانتا کروز۔ |
اسی بارے میں افتتاحی میچ میں جرمنی کی فتح09 June, 2006 | کھیل اکواڈور نے پولینڈ کو ہرا دیا10 June, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||