خواتین باکسنگ نامنظور: آئی او سی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے خواتین باکسنگ کو بیجنگ اولمپکس میں شامل کرنے کے بارے میں انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کی درخواست مسترد کردی ہے۔ اس طرح خواتین باکسرز کو اولمپکس میں اپنے جوہر دکھانے کے لیئے مزید انتظار کرنا ہوگا۔ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر انور چوہدری نے گزشتہ دنوں سوئٹزرلینڈ میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر جیک روگی سے ملاقات کی جس کا مقصد خواتین باکسنگ کو اولمپکس میں شامل کرانا تھا، لیکن یہ ملاقات کامیاب ثابت نہ ہوسکی اور آئی او سی کے صدر نے باکسنگ کی عالمی ایسوسی ایشن کے صدر پر واضح کردیا کہ فی الحال خواتین باکسنگ کو اولمپکس میں جگہ نہیں دی جاسکتی۔ پروفیسرانورچوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آئی او سی نے گزشتہ سال اپنی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں خواتین باکسنگ کو اولمپکس میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر خواتین باکسرز کا ان پر شدید دباؤ تھا کیونکہ آئبا (انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن) خواتین باکسنگ کو منظم انداز میں منعقد کرتی ہے اور اس کی سب سے بڑی مثال خواتین کی تین ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کا انعقاد ہے۔ پروفیسرانورچوہدری کے مطابق خواتین باکسرز کے شدید ردعمل اور دباؤ کے سبب ہی انہوں نے آئی او سی کے صدر سے ملاقات کی لیکن جیک روگی کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں شمولیت کے لیئے دس ہزار سپورٹس مین کی شرط خواتین باکسنگ پوری نہیں کرتی۔ جب ان سے خواتین باکسنگ کو نمائشی مقابلے کے طور پر اولمپکس میں شامل کرنے کے لیئے کہا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ آٹھ سال سے اولمپکس میں نمائشی باکسنگ ختم ہوچکی ہے۔ پروفیسرانورچوہدری نے اس صورتحال کو مایوس کن قرار دیا ہے لیکن وہ کہتے ہیں کہ خواتین باکسنگ کا مستقبل روشن ہے۔ خواتین باکسنگ کی کامن ویلتھ گیمز میں شمولیت ان کا اگلا ہدف ہے۔ اس کے علاوہ پان امریکن گیمز اور ایشین گیمز جیسے علاقائی مقابلوں میں بھی خواتین باکسرز کی نمائندگی کے لیئے کوشش کی جائے گی۔ | اسی بارے میں اردو سیکھی، باکسنگ سکھائی10 March, 2006 | کھیل مائیک ٹائسن چیچنیا میں16 September, 2005 | کھیل ایشین باکسنگ، پاکستان کی فتح04 September, 2005 | کھیل پاکستانی باکسنگ سکواڈ کا اعلان25 August, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||