پاکستانی باکسنگ سکواڈ کا اعلان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں سات باکسرز پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ چیمپئن شپ 28 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہونے والی ہے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ پروفیسرانور چوہدری نے اس ایونٹ کے لیے نعمان کریم، اصغرعلی شاہ، مہراللہ، عابد جان، شوکت علی چٹھہ، میرواعظ اور اعجاز محمود کا انتخاب کیا ہے۔ میرواعظ اور اعجاز محمود پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ دیگر باکسرز پہلے بھی متعدد مرتبہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ نعمان کریم ممنوعہ ادویات کے استعمال کی پاداش میں ایک سالہ پابندی کے بعد رنگ میں واپس آئے ہیں۔ بدقسمتی سے بروقت پاسپورٹ نہ ملنے پر وہ اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی کامن ویلتھ باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ کامن ویلتھ باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسرز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔ صرف اصغرعلی شاہ کوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کرسکے تھے جبکہ دیگر باکسرز پہلے راؤنڈ میں ہارگئے تھے۔ گزشتہ سال فلپائن میں ہونے والی 22 ویں ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں نعمان کریم نے طلائی تمغہ جیتا تھا جبکہ اصغرعلی شاہ نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||