انڈیا سینئرز نے سیریز جیت لی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور انڈیا کی سینئر کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی چار میچوں پر مشتمل سیریز انڈیا کی سنیئر کرکٹ ٹیم نے ایک کے مقابلے میں تین میچوں سے جیت لی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے سیریز کے چوتھے میچ میں انڈیا کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو تیس رنز سے شکست دی۔ انڈیا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ چالیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ انڈیا سینئر ٹیم کی جانب سے سنجیو شرما نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے جبکہ سمیر ڈیگی نے 55 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ نیان مونگیا بھی 37 رنز بن کر نمایاں رہے۔ مونگیا اور سمیر کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں چوراسی رنز بنے۔ بھارتی کپتان اظہر الدین نے اس میچ میں 26 رنز بنائے۔ پاکستان سینئر ٹیم کے کپتان عبدالقادر نے اس میچ میں بھی عمدہ بالنگ کی اور چار وکٹیں لیں جبکہ اعجاز فقیہہ نے تین بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 257 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر عامر سہیل نے پاکستان سینئر کی اننگز کا آغاز بہت زبردست طریقے سے کیا اور آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے۔
پاکستان سینئرز کے باقی بلے باز اس عمدہ آغاز سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور سوائے منصور اختر اور غفار کاظمی کے جنہوں نے بالترتیب 38 اور 34 سکور کیا کوئی بلے باز بھی جم کر نہ کھیل سکا۔ پاکستان سینئر ٹیم مقررہ چالیس اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا سکی اور یوں انڈیا نے یہ میچ 30 رنز سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ میچ کے بعد انڈین ٹیم کے کپتان اظہر الدین نے کہا کہ’ دونوں ملکوں میں ایسی سیریز مستقل ہونی چاہئییں اور ہم نے اس سیریز میں اسی جذبے کے ساتھ کھیلا ہے جیسے کہ ہم اپنے عروج کے دور میں قومی ٹیم کے رکن بن کر کھیلتے تھے‘۔اظہر الدین نے کہا کہ یہ سیریز جیت کر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے۔ پاکستان سینئر ٹیم کے کپتان عبدالقادر نے کہا کہ وہ اس سیریز کو جیت یا ہار کے تناظر میں نہیں دیکھتے بلکہ یہ ایک دوستی سیریز تھی اور ہرشخص کو چاہیئے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر ہوتے ہوئے تعلقات میں اپنا حصہ ڈالے۔ انڈین کپتان اظہر الدین نے 2011 کے عالمی کرکٹ کپ کی میزبانی ایشیائی ممالک کو ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ’یہ کافی برسوں کے بعد دوبارہ اس خطے میں آیا ہے اور اس کے لیئے تمام بورڈ مبارکباد کے مستحق ہیں‘۔ | اسی بارے میں کرکٹ: ماضی کے سٹار ابو ظہبی میں29 April, 2006 | کھیل پاکستان سینئرز کی 7 وکٹ سے جیت25 April, 2006 | کھیل پاکستان سینئرز کی شکست23 April, 2006 | کھیل ہم آدھا سچ بولنے والی قوم ہیں: قادر 22 April, 2006 | کھیل ’کوئی روزی سے نہیں روک سکتا‘22 April, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||