پاکستان سینئرز کی شکست | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کی سینئر ٹیم نے پاکستان کی سینئر ٹیم کو کراچی ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس ون ڈے میں پاکستان سینئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چالیس اوورز میں5 وکٹوں پر253 رنز بنائے جس میں ایک ٹیسٹ کھیلنے والے اعظم خان71 اور عامرسہیل64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جاوید میانداد نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے16 رنز اسکور کئے۔ بھارتی ٹیم نے مطلوبہ اسکور39 ویں اوور میں7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ امرجیت سنگھ 43اور پراون امرے 35 رنز کے ساتھ اظہرالدین کے بعد قابل ذکر بیٹسمین رہے۔ سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین کو میچ فکسنگ سکینڈل کے سبب بین الاقوامی کرکٹ سے دور ہوئے پانچ سال ہوچکے ہیں لیکن ان کی بیٹنگ ابھی بھی ماند نہیں ہوئی ہے جس کی ایک جھلک اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں نظرآئی۔ پاکستان اور بھارتی سینئرز ٹیموں کے درمیان چار ون ڈے میچوں کے سیریز کے پہلے میچ میں انہوں نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے سے مزین82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر گئے دنوں کی یاد تازہ کردی۔ انہوں نے یہ اننگز عاقب جاوید۔ منظورالہی۔ عبدالقادر۔ عامرسہیل۔ نوید انجم اور اعجاز فقیہہ پر مشتمل بولنگ اٹیک کے خلاف کھیلی۔ اظہرالدین سے جب ان کی بیٹنگ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے مخصوص حیدرآبادی لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کیا کہیں آپ لوگ بتائیں کہ وہ کیسا کھیلے؟ سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہونے کے باوجود اپنی فٹنس سے غافل نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں کھیلنے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ اظہرالدین کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کھیل چکے ہیں اس میدان پر نوسال بعد دوبارہ کھیل کر انہیں بہت مزا آیا۔ پاکستان سینئرز کی طرف سے تین وکٹیں حاصل کرنے والے آف اسپنر اعجاز فقیہہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹنگ اور میچ دونوں سے بہت لطف اندوز ہوئے۔ اس سیریز کا انعقاد کرنے والے پاکستان سینئر کرکٹ بورڈ نے تمام میچوں کے لیے مہنگی ٹکٹیں رکھی تھیں جن کی اخبارات کے ذریعے تشہیر بھی کی گئی جس کی وجہ سے شائقین نے پہلے میچ میں دلچسپی نہیں لی۔ اسٹیڈیم کو خالی دیکھ کر منتظمین نے ٹی وی چینلز فون کر کے یہ ٹکر چلانے کے لیے کہا کہ اب داخلہ مفت کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود اسٹیڈیم نہ بھر سکا۔ پاک بھارت سینئرز سیریز کا دوسرا میچ پچیس اپریل کو سیالکوٹ اور تیسرا میچ ستائیس اپریل کو شیخوپورہ میں کھیلا جائے گا تیس اپریل کو لاہور آخری میچ کی میزبانی کرے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||