بھارت کی ایک اورجیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ڈے اینڈ نائٹ میچ میں راہول ڈراوڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ50 اوورز میں8 وکٹوں پر288 رنز بنائے۔ بھارت نے5 وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کیا تو2.2 اوورز باقی تھے۔ سچن تندولکر پانچ رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ مہندرا سنگھ دھونی اور یوراج سنگھ نے پاکستانی بولنگ پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے بالترتیب72 اور 79رنز اسکور کئے۔ دھونی نے صرف 46 گیندوں کا سامنا کیا اور تیرہ چوکے لگائے۔ یوراج کی اننگز میں دس چوکے شامل تھے۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات شعیب ملک اور عبدالرزاق کی شاندار بیٹنگ تھی۔ شعیب ملک جو پشاور اور پنڈی میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ عبدالرزاق نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ جیت کے لیئے درکار289 رنز کی جانب بڑھتے ہوئے بھارتی ٹیم ابتدا ہی میں اوپنر گوتم گمبھیر کی وکٹ سے محروم ہوگئی جنہیں ان فٹ سہواگ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ پنچ ہٹر عرفان پٹھان بعیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو محمد آصف کی دو وکٹوں کے وار کے نتیجے میں بھارتی ٹیم کا اسکور صرف 12 رنز تھا۔ کپتان ڈراوڈ سچن کے ساتھ اسکور کو84 تک لے گئے ان کے22 رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد سچن اور یوراج کی سنچری شراکت نے بھارت کی جیت کے امکانات روشن کردیئے۔ سچن95 رنز بناکر عبدالرزاق کی گیند پر متبادل فیلڈر عمران فرحت کے ہاتھوں کیچ ہوئے اور محمد کیف صفر پر آؤٹ ہوئے لیکن پنڈی میچ میں82 کی عمدہ اننگز کھیلنے والے یوراج سنگھ وکٹ کیپر دھونی کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو اپنے حق میں کرگئے۔ آخری دس اوورز میں بھارت کو جیتنے کے لئے67 رنز درکار تھے۔ اس سے پہلے پاکستان کی اننگز راولپنڈی جیسے انداز میں شروع ہوکر آگے بڑھی۔ سلمان بٹ دوسری ہی گیند پر عرفان پٹھان اور گوتم گمبھیر کے اشتراک سے صفر پر وکٹ گنواکر پویلین جا بیٹھے۔ شاہد آفریدی اوپنر کے رول میں بھارتی بولنگ کے لئے خطرہ نہ بن سکے اور 19 رنز بناکر عرفان پٹھان کی گیند پر محمد کیف کو کیچ دے گئے جنہوں نے ایک رن پر سری سانتھ پر ان کا کیچ ڈراپ کیا تھا۔ ون ڈاؤن پر کامران اکمل نے 13 رنز پر سری سانتھ کی گیند پر ڈراوڈ کے ہاتھوں بچ نکلنے کے بعد بڑی اننگز کے لئے خود کو تیار کرلیا تھا لیکن چھ چوکوں کی مدد سے 34رنز بنانے کے بعد آر پی سنگھ کی گیند پر مڈآف پرعرفان پٹھان نے انہیں کیچ کرلیا۔ محمد یوسف کو ون ڈے انٹرنیشنل میں سات ہزار رنز کے لئے ایک رن درکار تھا جو انہیں پہلی ہی گیند پر مل گیا لیکن دوسری ہی گیند پر وہ آؤٹ ہوکر ایک بار پھر ٹیم کی مشکلات بڑھا گئے۔ کپتان انضمام الحق اور نائب کپتان یونس خان کی وکٹیں158 کے اسکور پر حاصل کرکے بھارتی ٹیم کے حوصلے آسمان سے باتیں کررہے تھے لیکن شعیب ملک اور عبدالرزاق اسے عرش سے فرش پر لے آئے۔ان دونوں نے چھٹی وکٹ کے لئے86 رنز کا اضافہ کیا۔
شعیب ملک نے110 ویں ون ڈے میچ میں پانچویں اور بھارت کے خلاف دوسری سنچری گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف113 گیندوں پر مکمل کی۔ وہ بھی بارہ رنز پر سری سانتھ کی گیند پر گوتم گمبھیر کے ہاتھوں کیچ ہوتے بچے تھے۔ بھارتی ٹیم کے خلاف شعیب ملک کی شاندار اور مستقل مزاج کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کولمبو میں ایشیا کپ کے میچ میں143 رنز کی اننگز سے ابتک وہ بھارت کے خلاف13 اننگز مں دو سنچریاں اور 7نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔ بھارت کے خلاف ان کے19 میچوں میں بنائے گئے رنز کی تعداد961 ہوچکی ہے۔ شعیب ملک کے108 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد عبدالرزاق نے آخری اوورز میں انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرکے پاکستان کا اسکور288 تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ عبدالرزاق نے صرف 56گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے64 رنزناٹ آؤٹ اسکور کئے۔ بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وریندر سہواگ کی جگہ گوتم گمبھیر اور ظہیرخان کی جگہ رودرا پراتاپ سنگھ کو شامل کیا گیا ہے۔ ظہیرخان رمیش پوار کی جگہ سپر سب بنائے گئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں عمرگل کی جگہ یاسرعرفات کو شامل کیا گیا ہے۔ سپر سب عمر گل ہیں۔ پاکستان ٹیم: انضمام الحق ( کپتان)۔ سلمان بٹ۔ کامران اکمل۔ شعیب ملک۔ یونس خان۔ محمد یوسف۔ شاہد آفریدی۔ عبدالرزاق۔ یاسرعرفات۔ رانا نویدالحسن اور محمد آصف۔ بھارتی ٹیم: راہول ڈراوڈ ( کپتان)۔ گوتم گمبھیر۔ سچن تندولکر۔ محمد کیف۔ یوراج سنگھ۔ مہندرا سنگھ دھونی۔ عرفان پٹھان۔ احیت اگرکار۔ سریش رائنا۔ ردرا پراتاب سنگھ اور شانتھا کمارن سری سانتھ۔ سائمن ٹافل اور اسد رؤف امپائرز جبکہ کرس براڈ میچ ریفری ہیں۔ | اسی بارے میں بھارت آسانی سے جیت گیا11 February, 2006 | کھیل پاکستان کی سات رن سے فتح06 February, 2006 | کھیل ’ٹیم کو پریشر میں کھیلنا آگیا‘ 10 February, 2006 | کھیل شعیب اختر ون ڈے سیریز سے باہر12 February, 2006 | کھیل تیسرا ایک روزہ: راجہ کے ساتھ لائیو 13 February, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||