نشریاتی حقوق، آئی سی سی کا نقصان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کرکٹ نشریات کےحقوق پر ہندوستانی حکومت کے موقف سے اسے زبردست مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس سے عالمی پیمانے پر کرکٹ کا کھیل بھی متاثر ہوگا۔ اکتوبر میں بھارت نے میچ نشر کرنےوالی نجی کمپنیوں سے کہا تھا کہ وہ ان میچوں کو ایسے چینلوں پر بھی دکھانے میں تعاون کریں جو کیبل پر موجود نہیں ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ میچ دیکھ سکیں۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اگر وہ میچ جن میں ہندوستان بھی شامل ہو اور ان کی نشریات کے حقوق ایک خاص کمپنی کے پاس نہیں ہوں تو نشر کرنے والی کمپنی کی آمدنی میں کمی آئےگی اور اس کا براہِ راست اثر آئی سی سی پر پڑےگا۔ آئی سی سی کےصدر احسان مانی نے کہا ہے کہ’اس سے ہمیں ایک بڑی قیمت چکانی پڑے گی‘۔ بھارتی حکومت کے اس فیصلے سے خود ہندوستانی کرکٹ بورڈ پر بھی اثر پڑےگا اور بھارت کے نو ایسے مقامی کرکٹ بورڈ بھی متاثر ہوں گے جن کا انحصار نشریاتی حقوق سے ہونے والی آمدن پر ہی ہے۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ ’ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور چند دیگر بورڈوں کا وجود زیادہ تر انحصار نشریاتی حقوق سے ہونے والی آمدن پر ہے اور وہ بھی اس سے متاثر ہوں گے‘۔ آئی سی سی کے صدر کے ایک بیان کے مطابق آئی سی سی اس بارے میں فیصلے کے لیے آئندہ ماہ ایک میٹنگ کرنے والی ہے اور امکان ہے کہ کونسل اس بارے میں بھارتی حکومت کو ایک خط بھی لکھے گی۔ اسی دوران ہندوستان کے وزیرِ اطلاعات و نشریات پریہ رنجن داس منشی نے کہا ہے کہ اس معاملے پر نظر ثانی کی جاسکتی ہے۔ منشی نے کہا ہے کہ’ تیئس دسمبر کوپارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے اختتام کے بعد میں اس مسئلے پر غور کروں گا‘۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ کپ اور آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے نشریاتی حقوق طے کرتی ہے اور اس کے علاوہ دیگر میچوں کے نشریاتی حقوق طے کرنے کا اختیار میزبان ملک کو ہوتا ہے۔ عام طور پر ہندوستان میں کھیلے جانے والے یا ایسے میچ جس میں ہندوستان خود کھیل رہا ہو اسے بھارت کے سرکاری ٹی وی دور درشن پر دکھانا لازمی ہے۔ حکومت کا موقف یہ ہے کہ دوردرشن کی پہنچ ملک کے دوردراز علاقوں تک ہے اس لیے اس پر میچ نہ دکھانے سے ایک بڑا طبقہ اس سے محروم رہتا ہے۔ پرائيویٹ ٹی وی چینل ٹین اسپورٹس کے پاس پاکستانی کرکٹ میچوں کے حقوق ہیں اور بھارتی ٹیم کے آئندہ دورۂ پاکستان سے قبل اس نے اسی سلسلے میں ایک عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ ٹین اسپورٹس کے چیف ایگزیکٹو کرس میک ڈونالڈ کا کہنا ہے کہ موجودہ گائیڈ لائنز کے تحت نشریات کے کنٹریکٹ ’مالی طور پر نفع بخش ہونے کی بجائے نقصان دہ ہیں‘۔ | اسی بارے میں میچ سونی ٹی وی دکھائے گا06 March, 2005 | کھیل پروڈکشن حقوق ٹی ڈبلیو آئی کے پاس01 March, 2005 | کھیل نشریاتی حقوق، مسئلہ حل ہوگیا24 February, 2005 | کھیل دوردرشن سے میچ: سپریم کورٹ05 October, 2004 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||