 | | | سہواگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں پچپن رنز فی اننگز کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ |
بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان وریندر سہواگ کو بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وریندر سہواگ گلے کی تکلیف، اور بخار میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کو ہپستال میں داخل ہونا پڑا ۔ ہسپتال سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وریندر سہواگ کو دوائیں دینی شروع کر دی گئی ہیں اور ان کو صحت کی مکمل بحالی کے لیے کم از کم دو دن مکمل آرام کرنا پڑے گا۔ وریندر سہواگ بھارت کی ٹیم کے ایک کامیاب کھلاڑی ہیں اور انہوں اٹھتالیس ٹیسٹ میچوں میں پچپن رنز فی اننگز کی اوسط سے 3330 رنز بنائے ہیں۔ اگر وریندر سہواگ بیماری کی وجہ سے دوسرا میچ نہ کھیل سکے تو بھارت کو اوپننگ جوڑی بنانے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ وریندر سہواگ اگر دوسرا ٹیسٹ نہ کھیلے تو وہ زمبابوے کے خلاف 2002 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ سے باہر ہوں گے۔ بھارتی ٹیم میں کئی ایسے بیٹسمین شامل ہیں جو ماضی میں اوپننگ کرتے رہے ہیں ان میں سابق کپتان سررو گنگولی، سچن تندولکر، اور وی وی ایس لکشمن شامل ہیں۔ یوراج سنگھ بھی ایک ٹیسٹ میں اوپننگ کر چکے ہیں لیکن زیادہ کامیاب نہیں رہے تھے۔ |