پاکستانی کپتان پر پابندی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سوئٹزر لینڈ میں بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کے عدالتی کمیشن نے پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد ثقلین پر تین بین الاقوامی میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے علاوہ ثقلین کو ایک ہزار ڈالر کی رقم بھی ادا کرنا ہو گی۔ محمد ثقلین پر اسی سال اگست میں جرمنی میں ہونے والے ہیم برگ ماسٹرز کے آخری میچ میں آسٹریلوی کھلاڑی کو ہاکی مار کر زخمی کرنے کا الزام تھا۔ اٹھائیس نومبر کواس کمیشن کے سامنے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بریگیڈئر ریٹائرڈ مسرت اللہ اور لاہور کے ایک وکیل مصطفی رمدے نے ثقلین کے کیس کی پیروی کی۔ عدالتی کمیشن نے تین دن بعد ثقلین کے خلاف فیصلہ سنایا۔اس فیصلے کے مطابق ثقلین جان بوجھ کر مخالف کھلاڑی پر ہاکی اٹھانے کے مرتکب ہوئے اس لیے ان پر تین بین الاقوامی میچ کھیلنے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پاکستان نے یہ میچ تین کے مقابلے چار گول سے جیتا تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس میچ کی ویڈیو دیکھ کر محمد ثقلین کی پیروی کرنے کا بیڑا اٹھایا تھا کیونکہ فیڈریشن کے اہلکاروں کا خیال تھا کہ اس میچ میں آسٹریلوی کھلاڑی غلط سمت سے محمد ثقلین کو ٹیکل کر رہا تھا جس کی وجہ سے اسے ہاکی لگی۔ اس وقت میچ کے دونوں ایمپائرز نے اسے آسٹریلوی کھلاڑی کا فاؤل قرار دیتے ہوئے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ تاہم میچ کے بعد ٹورنامنٹ ریفری رینو نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو لکھا کہ محمد ثقلین کے خلاف کاروائی کی جائے کیونکہ ان کی ہاکی لگنے سے آسٹریلوی کھلاڑی زخمی ہوا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق ایسے وقت میں کہ جب پاکستان کی ہاکی ٹیم انتہائی اہم ٹورنامنٹ یعنی چمپئنز ٹرافی کھیلنے جا رہی ہے پاکستانی کپتان پر تین میچز کی پابندی لگنا بہت مایوس کن ہے اور یہ تینوں میچ بھی اہم ترین ٹیموں کے درمیان ہیں۔ دس دسمبر سے بھارت کے شہر چنائی میں شروع ہونے والی چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پہلا میچ ہالینڈ کے خلاف دوسرا آسٹریلیا کے خلاف اور تیسرا دفاعی چمپئن سپین کے خلاف ہو گا۔ ان تینوں میچوں میں ثقلین نہیں کھیل سکیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس یہ حق موجود ہے کہ وہ انٹرنیشنل اولمپکس کونسل کے مقرر کردہ سپورٹس آربیٹریری کمیشن کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر سکتی ہے۔ ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بریگیڈئر ریٹائرڈ مسرت اللہ کا کہنا ہے کہ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ فیڈریشن کے صدر طارق کرمانی سے مشورے کے بعد کچھ دن میں کیا جائے گا۔ ثقلین کی غیر موجودگی میں کپتان کون ہوگا اس کا فیصلہ بھی مینجمنٹ اور صدر سے مشورے کے بعد ہی ہو گا۔ خود محمد ثقلین بھی اس فیصلے سے بہت مایوس ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس میچ کی ویڈیو فلم دیکھ کر صاف ظاہر ہوتا ہے کہ میرا کوئی قصور نہیں تھا اور ان کے خلاف تین میچوں کی پابندی کا یہ فیصلہ ان کے لیے حیران کن ہے۔ اس فیصلے کے باوجود محمد ثقلین چمپئنز ٹرافی میں جیت کے لیے پر امید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم اس وقت بہت اچھی پوزیشن میں ہے اور ’میری غیر موجودگی کے باوجود پاکستان چمپئنز ٹرافی جیت کر آئے گا۔‘ | اسی بارے میں رویہ بہتر رکھوں گا: محمد ثقلین28 August, 2005 | کھیل ثقلین پاکستانی ہاکی ٹیم کے نئے کپتان08 May, 2005 | کھیل ہاکی میں شائقین کی عدم دلچسپی17 September, 2005 | کھیل ہاکی: پاکستان نے فائنل جیت لیا22 August, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||