’ہرحال میں خوش رہتا ہوں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
رانا نویدالحسن کی شخصیت شاہد آفریدی اور شعیب اختر کی طرح مقناطیسی کشش کی حامل نہیں لیکن حالیہ برسوں میں اپنی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں وہ ان دونوں سے کسی طور بھی خبروں میں پیچھے نہیں رہے ہیں۔ اکتیس ون ڈے میچوں میں پچپن وکٹوں کی قابل ذکر کارکردگی کے بعد اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لئے بہت سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ اس کی ایک جھلک انہوں نے انگلینڈ کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ میں تیس رنز کے عوض تین وکٹوں کی کریئر بیسٹ کارکردگی کے ذریعے دکھادی۔ سادگی اور انکساری رانا نوید الحسن کی گفتگو میں جھلکتی ہے۔ وہ کہتے ہیں’میں ہر حال میں خوش رہنے والا سیدھا سادہ انسان ہوں۔ اللہ کی مہربانیاں مجھ پر جاری ہیں اور میں اپنی کرکٹ سے بھرپور لطف اٹھارہا ہوں۔‘ رانا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ساتھی مشتاق احمد کا یہ مشورہ ہمیشہ یاد رکھیں گے کہ بے شک آپ ون ڈے میں اچھی بولنگ کررہے ہیں لیکن ٹیسٹ میں بھی اپنی جگہ بنائیں کیونکہ اصل کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ ہی ہے۔ رانا نویدالحسن کے مطابق پہلے پانچ ٹیسٹ میچوں میں وہ غیرمعمولی کارکردگی نہیں دکھاسکے لیکن فیصل آباد ٹیسٹ سے انہیں حوصلہ ملا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی خود کو منوانا چاہتے ہیں۔ رانا نویدالحسن کو اس بات کا قطعا افسوس نہیں کہ وہ تاخیر سے بین الاقوامی کرکٹ میں آئے ہیں۔ ان کے بقول چند سال پہلے پاکستان کا پیس اٹیک وسیم اکرم وقاریونس اظہرمحمود پر مشتمل ہوتا تھا جن کی موجودگی میں ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی تھی۔ اب جو بھی کچھ ہے وہ اس پر خوش اور مطمئن ہیں۔ رانا اس سال کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کو بھی اپنے لئے بہت مفید قرار دیتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ میں بہترین کرکٹرز مدمقابل ہوتے ہیں اس لیے ان کے لئے یہ تجربہ بہت اچھا رہا۔ اس کے علاوہ رانا نے کہا کہ کہ وہاں وکٹیں اچھی تھیں جن میں باؤنس تھا اس لیے انہیں بولنگ کرنے میں مزا آیا۔ لارڈز پر سنچری کو رانا خوشگوار تجربہ سمجھتے ہیں کیونکہ کسی بھی کرکٹر کے لئے کرکٹ کے ہیڈکوارٹر پر سنچری اسکور کرنا باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے سنچری ایسے وقت میں اسکور کی جب سسیکس کی ٹیم کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ انگلینڈ کی بیٹنگ کے بارے میں رانا نویدالحسن کہتے ہیں کہ مائیکل وان اور مارکس ٹریسکوتھک ایسے بیٹسمین ہیں جنہیں بولنگ کرتے وقت سمجھ بوجھ کی ضرورت رہتی ہے اس کے علاوہ کیون پیٹرسن بھی خطرناک اسٹروک پلیئر ہیں۔ | اسی بارے میں رانا نوید الحسن، خاموش ہیرو10 November, 2005 | کھیل رانانوید: چھوٹا نام، بڑا کام 11 February, 2005 | کھیل رانا نویدالحسن کاؤنٹی کھیلیں گے14 March, 2005 | کھیل تندولکر نے کھویا، رانا نوید نے پایا 19 April, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||