آسٹریلیا کی ورلڈ پر پہلی فتح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپر سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ورلڈ الیون کو ترانوے رن سے شکست دے دی ہے۔ ورلڈ الیون کی پوری ٹیم بیالیسویں اوور میں ایک سو باسٹھ رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ویٹوری آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔ وہ 15 رن بنا کر بریٹ لی کا دوسرا شکار بنے۔ شعیب اختر 10 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے تین، میگرا اور بریٹ لی نے دو، دو جبکہ ناتھن بریکن اور سائمنڈز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ورلڈ الیون کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور وریندر سہواگ نے اننگز کا آغاز کیا۔ جب ٹیم کا سکور 18 پر پہنچا تو سہواگ میگرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 6 رن بنائے۔ ژاک کیلس نے 8 رن بنائے، انہیں بھی میگرا نے آؤٹ کیا۔ برائن لارا بنا کوئی رن بنائے ناتھن بریکن کی گیند پر سائمنڈز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ راہول ڈراوڈ کو 4 کے انفرادی سکور پر بریٹ لی نے آؤٹ کیا۔ پیٹرسن صرف 2 رن بنا سکے، انہیں شین واٹسن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ سنگاکارا 64 رن بنا کر واٹسن کا دوسرا شکار بنے۔ شاہد آفریدی کو سائمنڈز نے2 رن پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ شان پولاک 5 رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ اینڈریو فلنٹاف نے38 رن بنائے، انہیں بھی واٹسن نے آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ پچاس اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچپن رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے گلکرسٹ اور کیٹچ نے اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 80 کے سکور پر گری جب گلکرسٹ 45 رن بنا کر ژاک کیلس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ پونٹنگ 23 رن بنا کر پولاک کی گیند پر لارا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
مارٹن کو صفر جبکہ سائمن کیٹچ کو 58 کے سکور پر مرلی دھرن نے آؤٹ کیا۔ کلارک چھ رن بنا کر ویٹوری کی سپن کا شکار بنے۔ سائمنڈز بھی 36 رن بنا کر ویٹوری کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔ ہسی نے 32 جبکہ واٹسن نے 8 رن بنائے۔ بریٹ لی 24 جبکہ ناتھن بریکن 2 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ورلڈ الیون کی طرف سے ویٹوری نے تینتیس رن دے کر چار، مرلی دھرن نے اکتالیس رن دے کر دو جبکہ کیلس اور پولاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شعیب اختر نے نو اوور میں انچاس رن دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے زخمی بریڈ ہوگ کی جگہ لیگ سپنر کیمرون وائٹ اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیا نے گلین میکگرا اور بریٹ لی کے علاوہ تیسرے فاسٹ بولر ناتھن بریکن کو ٹیم میں شامل کیا۔ ناتھن آخری مرتبہ نومبر 2003 میں بھارت میں ہونے والا سہ فریقی ٹورنامنٹ کھیلے تھے۔ آسٹریلیا کی ٹیم: رکی پونٹنگ (کپتان)، ایڈم گلکرسٹ، ڈیمئن مارٹن، مائیکل ہسے، مائیکل کلارک، شین واٹسن، اینڈریو سمنڈز، کیمرون وائٹ، بریٹ لی، گلین میکگرا، ناتھن بریکن۔ ورلڈ الیون: شان پولاک (کپتان)، وریندر سہواگ، کمار سنگاکارا، راہول ڈراوڈ، ژاک کیلس، برائن لارا، کیون پیٹرسن، اینڈریو فلنٹوف، ڈینئل ویٹوری، شعیب اختر اور شاہد آفریدی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||