شبیر: ماہرین نے کلیئر کر دیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آسٹریلوی بائیومکینک ماہرین نے فاسٹ بولر شبیراحمد کے بولنگ ایکشن کو کلیئر کردیا ہے لیکن ساتھ ہی احتیاطی ہدایت بھی کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر سلیم الطاف کے مطابق شبیراحمد کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آسٹریلوی بائیو مکینک ماہرین پروفیسر بروس ایلیٹ اور ڈیرل فاسٹر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان کا موجودہ ایکشن آئی سی سی کے مروجہ پیمانے کے مطابق ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ مستقبل میں دوبارہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے شبیراحمد سائیڈ آن ایکشن کے ساتھ بولنگ کریں۔ چیسٹ آن ایکشن کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے ان کا بازو پندرہ ڈگری سے زیادہ مڑتا ہے۔ سلیم الطاف کا کہنا ہے کہ پروفیسر بروس ایلیٹ کی رپورٹ جلد ہی آئی سی سی کو بھیج دی جائے گی تاکہ اس کا جائزہ گروپ اس بارے میں اپنا فیصلہ دے سکے۔اسی فیصلے کی روشنی میں شبیراحمد کے کھیلنے کا انحصار ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ شبیراحمد کو جلد سے جلد سے کلیئر کرانے کے بعد انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جائے۔ شبیراحمد کے بولنگ ایکشن پر تیسری مرتبہ اعتراض اس سال ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران سامنے آیا تھا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق دو سال میں دو مرتبہ بولنگ ایکشن درست نہ ہونے کی رپورٹ ہونے کی صورت میں اس بولر کو ایک سال کی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||