’ہربھجن سنگھ بیانات سے بچیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی ریاست پنجاب کی کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹیم کے دیگر ارکان اور کرکٹ انتظامیہ کےبارے میں ہربھجن سنگھ کو بیانات دینے سے منع کیا ہے۔ پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے ہربھجن سنگھ کو کپتان سورو گنگولی اور کوچ گریگ چیبل سے منسوب تنازع کے بارے میں ان کے بیان کی وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔ ہربھجن سنگھ نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے گنگولی کا دفاع کیا تھا اور مینیجر چیپل کے کام کرنے کے انداز پر تنقید کی تھی۔ ہربھجن سنگھ کا تعلق مشرقی پنجاب کے شہر جالندھر سے ہے اور پنجاب کرکٹ ایسو سی ایشن کا رکن ہونے کی حیثیت سے اس کے سامنے جوابدہ ہیں۔ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اندرجیت سنگھ بندرا نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو ذرائع ابلاغ کے اداروں سے بات کرتے احتیاط برتنے کے لیے کہا ہے کیونکہ اس سے ان کی میدان میں کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہربھجن سنگھ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آئندہ کوئی ایسی بات نہیں کریں گے جس سے ان پر، بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ یا بھارتی کرکٹ پر منفی اثر پڑتا ہو۔ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے مطابق ان کی حد تک ہربھجن سنگھ کے بیانات سے متعلق معاملہ طے پا چکا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||