 | | | جب بھی کوئی تنازعہ ہوتا ہے تو اس کا اثر ٹیم پر ہوتا ہے |
بھارت کے آف سپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ کوچ گریگ چیپل کے بیانات کی وجہ سے کھلاڑی خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ہربھجن سنگھ پہلے بھارتی کھلاڑی ہیں جنہوں نے کوچ گریگ چیپل اور کپتان سورو گنگولی کے تنازعے کے بارے میں بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ٹیم میں جب بھی کوئی تنازعہ پیدا ہوتا ہے تو اس سے ٹیم کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ یہ ٹیم کے لیے اچھا ہو گا کہ اس تنازعے کو فوری حل کر لیا جائے تاکہ ہر کھلاڑی اپنے کھیل پر توجہ دے سکے نہ کہ ذہنی تناؤ کا شکار رہے‘۔ پی ٹی آئی کے مطابق ہربھجن نے کپتان گنگولی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے میں کوچ گریگ چیپل کے اپنے خیالات ہو سکتے ہیں لیکن ’جہاں تک میرا تعلق ہے گنگولی ایک بہترین کپتان ثابت ہوئے ہیں جو ان کے میچ جیتنے کے ریکارڈ سے واضح ہے‘۔ |