’معاملہ میرے اور کوچ کے درمیان ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دورہ زمبابوے سے واپسی پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سورو گنگولی نے کوچ گریگ چیپل سے اپنے تعلقات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ گنگولی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور اس وقت میں اسے دوبارہ ہوا نہیں دینا چاہتا۔ اصل بات یہ ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی اس سے قطع نظر کہ کون کپتان تھا اور کون کوچ‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ معاملہ میرے اور کوچ کے درمیان ہے اور ہمیں ہی اس کا حل نکالنا ہے۔ میرے خیال میں ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں کو اس معاملے میں نہیں گھسیٹنا چاہیے‘۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ گریگ چیپل نے کرکٹ بورڈ کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا تھا کہ گنگولی اب کپتانی کیلیے موزوں نہیں رہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چیپل نے اپنی ای میل میں گنگولی کو کپتانی کے لیے’ جسمانی اور ذہنی طور پر ان فٹ‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ٹیم کے ممبران گنگولی کی عزت نہیں کرتے۔ سورو گنگولی کو ستائیس ستمبر کو ممبئی میں بورڈ کے اجلاس میں اپنا نقطہ نظر بیان کرنے کا موقع ملے گا۔ اس اجلاس میں ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا نےکرکٹ بورڈ کے سیکرٹری ایس کے نائر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ ستائیس ستمبر کے اجلاس میں چیپل کی شکایات اور گنگولی کا نقطہ نظر دونوں پر بحث ہوگی‘۔ گنگولی نے اپنے دورہ زمبابوے میں کہا تھا کہ ان سے استعفٰی مانگا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||