یونسیف اور خواتین کرکٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسف اور پاکستان کرکٹ بورڈ مل کر پاکستان میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ اس سلسلے میں جمعرات کو لاہور میں ایک تقریب میں یونیسف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ پی سی کی جانب سے شہر یار خان جبکہ یونیسف کی جانب سے پاکستان کے لیے یونیسف کے نمائندے عمر عابدی نے دستخط کیے۔ اس تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے وومین ونگ کی چیئر پرسن میرا فیلبوس بھی موجود تھیں۔ یونیسف کے نمائندے عمر عابدی کا کہنا تھا کہ چونکہ پاکستان میں لوگوں کو کرکٹ کاجنون کی حد تک شوق ہے اس لیے یونیسف نے پاکستانی لڑکیوں کے لیے تعلیم اور کھیل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی مہم کے لیے کرکٹ کے کھیل کو چنا ہے۔ چودہ ستمبر کو قذافی سٹیڈیم خواتین کے درمیان ایک کرکٹ میچ منعقد کیا جا رہا ہے۔ یونیسف کے نمائندے عمر عابدی کے بقول خواتین کے اس کرکٹ میچ کا مقصد ابلاغ اور عوامی رابطے کے ذریعے بچیوں کو تعلیم اور کھیل کے یکساں مواقع کے لیے ایک زور دار مہم کا آغاز کرنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیسف کا اپنی مہم کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے الحاق ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے اور ہم بھی چاھتے ہیں کہ بچیوں کو ناصرف تعلیم بلکہ کرکٹ کے کھیل کھیلنے کے مواقع دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یونیسف سے اس مقصد کے لیے کسی مالی مدد کی ضرورت نہیں اور ہمارے پاس اتنے واسائل ہیں کہ ہم اپنی وومین کرکٹ کو بہتر طور پر چلا سکیں البتہ یونیسف چونکہ اقوام متحدہ کا ایک ادارہ ہے اس لیے اس کی شمولیت سے وومین کرکٹ کی پروجیکشن ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے وومین ونگ کی صدر مسز میرا فیلبوس کا بھی یہی کہنا تھا کہ یونیسف کی شمولیت سے پاکستان میں خواتین کرکٹ کو شہرت حاصل ہو گی۔ مسز فیلبو نے کہا کہ چودہ ستمبر کو ہونے والے میچ میں ہماری دو بہترین ٹیمیں کھیلیں گی اور اس میچ کے بعد بہترین کھلاڑیوں کو چن کر پاکستان کی نیشنل وومین ٹیم بنائی جائے گی اور پھر ان خواتین کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ مسز فیلبوس نے یہ بھی بتایا کہ ستمبر کے آخری ہفتے میں بھارت کے شہر نئی دہلی سے خواتین کرکٹر کی ایک ٹیم آئے گی اور پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم سے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||