خاتون کرکٹر کا عالمی ریکارڈ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جس روز پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کے کروڑوں شائقین دونوں مممالک کی راولپنڈی میں ہونے والی معرکہ آرائی میں الجھے ہوئے تھے، کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کرکٹ کا نیا ریکارڈ خاموشی سے قائم ہوا۔ اتنی خاموشی سے کہ ملک کے کثیر الاشاعت اخبارات کو بھی اس کی خبر نہ ہو سکی۔ اس روز پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نوعمر کرکٹر کرن بلوچ نے دو سو بیالیس رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ تاریخ میں آج تک کوئی خاتون کرکٹر کسی ٹیسٹ میچ میں اتنا بڑا سکور نہیں کر سکی تھی۔ کرن بلوچ کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر چار سو چھبیس رن بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ کرن بلوچ کو ’خاتون میتھیو ہیڈن‘ کہا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ بلے باز میتھیو ہیڈن نے گزشتہ برس زمبابوے کے خلاف تین سو اکیاسی رن بنا کر برائن لارا کا تین سو پچھتر رن کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ کرن بلوچ نے اپنی تاریخی اننگز کے دوران پہلے پندرہ سالہ سجادہ شاہ کے ساتھ ڈبل سنچری بنائی۔ سجادہ شاہ اٹھانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد کرن بلوچ نے اپنی کپتان شازیہ خان کے ساتھ مل کر پچانوے رن بنائے۔ دونوں ٹیمیں بین الاقوامی ومنز کرکٹ ایسوسی ایشن (آئی سی ڈبلیو اے) سے منظور شدہ ہیں۔ یہ ٹیسٹ میچ بھی آئی سی ڈبلیو اے کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز کے دوران صرف نوجوان بولر فلیشیا کمنگز کامیاب ثابت ہوئیں۔ انہوں نے چوبیس اوور میں چون رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||