 |  آرمسٹرونگ نے ساتویں بار سائیکلنگ کا مقابلہ جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے |
لانس آرمسٹرانگ کے بارے میں لوگ عمومًا زبردست، بہادر ، حوصلہ مند، ہمت نہ ہارنے والا جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ اسکی ایک وجہ تو یہ ہے کہ انہوں نے مسلسل سات دفعہ سائیکلنگ کی دنیا کا وہ مقابلہ جیتا ہے جو ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کی دشوار گزار سڑکوں اور تین ہفتوں کی جدوجہد پر محیط ہوتا ہے ۔ اس طرح وہ دنیائے کھیل کی ان بڑی شخصیات کی صف میں شامل ہوگئے ہیں جن میں مارٹینا نیورا ٹیلووا اور محمد علی جیسی شخصیات کو شمار کیا جاتا ہے۔ ان سے پہلے سائیکلنگ کا یہ مقابلے کسی شخص نے پانچ مرتبہ سے زیادہ نہیں جیتے۔ لیکن اس سے بھی بڑی وجہ یہ ہے کہ ان مقابلوں میں حصہ لینے سے پہلے انہیں کینسر تھا جو پورے جسم میں پھیل گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ ان کا بچنا محال ہے لیکن علاج کے ساتھ ساتھ اپنے عزم سے نہ صرف انہوں نے کینسر جیسی بیماری کو شکست دی بلکہ خود کو دوبارہ جسمانی اور ذہنی طور پر ایسی تربیت دی کہ وہ ٹور ڈی فرانس جیسے مقابلے میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے ساتویں بار یہ مقابلہ ان حالات میں جیت کر ایک ایسی مثال قائم کی ہے جس کو دہرانا شاید طویل عرصے تک ناممکن ہو گا۔ |