لارا کا بلا چالو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ویسٹ انڈیز کے مایا ناز بیٹسمین برائن لارا نے جمیئکا کے شہر کنگسٹن کے سبیئنا پارک سٹیڈیم میں سولہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سنچری بنا کر بریڈمین کا انتیس سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ لارا نے ایک سو سترہ ٹیسٹ میچوں میں تیس سنچریاں بنائی ہیں۔ اب وہ سنیل گواسکر، سچن تندولکر اور سٹیو وا کے بعد سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے چوتھے کھلاڑی ہیں۔ لارا نے یہ ریکارڈ پاکستان کے خلاف اپنا ایک سو سترواں ٹیسٹ کھیلتے ہوئے بنایا۔ یہ پاکستان کے خلاف ان کی کل دوسری ٹیسٹ سنچری ہے۔ بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے برائن لارا نے پاکستان کے پیس اٹیک کو کمزور قرار دیا۔ انہوں نے کہ شعیب اختر اور محمد سمیع کی غیر موجودگی کی وجہ سے پاکستان کی بالنگ کمزور ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں آسٹریلیا کے خلاف آٹھ، انگلینڈ کے خلاف سات، جنوبی افریقہ کے خلاف چار، نیوزی لینڈ کے خلاف ایک، انڈیا کے خلاف ایک، سری لنکا کے خلاف پانچ، زمبابوے کے خلاف ایک، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف بھی ایک ہی سنچری بنائی ہے۔ لارا نے اس میچ سے پہلے کل 204 ہی اننگز کھیلیں ہیں اور تریپن اعشاریہ آٹھ کی اوسط سے دس ہزار چھ سو پینسٹھ رنز بنائے ہیں۔ ان کے اس ٹوٹل میں کل 1406 چوکے اور 75 چھکے شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں سچن تندولکر 123 میچوں میں 34 سنچریاں، سنیل گواسکر 125 میچوں میں 34 سنچریاں، سٹیو وا 168 میچوں میں 32 سنچریاں، سر ڈونلڈ بریڈ مین 52 میچوں میں 29 سنچریاں، ایلن بارڈر 156 میچوں میں 27 سنچریاں، سر گیری سوبرز 93 میچوں میں 26 سنچریاں، گریگ چیپل 87 میچوں میں 24 سنچریاں، ویوین رچرڈز 121 میچوں میں 24 سنچریاں، اور جاوید میانداد کی 124 میچوں میں 23 سنچریاں شامل ہیں۔ پاکستان کے کپتان انضمام الحق بھی 100 ٹیسٹ میچوں میں 21 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||