ازلان شاہ: پاکستان کی تیسری جیت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ازلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دو صفر سے شکست دے کر مسسل تیسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ملائشیا کے دارلحکومت کوالا لمپور میں کھیلے جانے والےاس ٹورنامنٹ میں اتوار کے دن پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کپتان محمد ثقلین کی غیر موجودگی کے باوجود جنوبی افریقہ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ سینٹر ہاف عدنان مقصود نے فارورڈ لائن کے کھلاڑیوں کو شاندار پاس دیے۔ فل بیک ریحان بٹ اور شبیر حسین گیند کو سینٹر لائن تک لاتے رہے جبکہ لائن کی دوسری جانب مدثر علی اور شکیل عباسی کھیل پر چھائے رہے۔ تین بار ازلان شاہ کپ کی فاتح اور گزشتہ ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم پاکستان نے پہلا گول میچ کے چوبیسویں منٹ میں کیا جب شکیل عباسی نے دلاور حسین کے پاس کو نہایت خوبصورتی سے گول میں ڈال دیا۔ پاکستان کی طرف سے دوسرا گول میچ کے تیسویں منٹ میں ریحان بٹ نے اختر علی کے پاس پر کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی برتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن دو پنالٹی کارنر ملنے کے باوجود وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان یہ میچ تین صفر سے جیت سکتا تھا لیکن طارق عزیز کے پاس پر شکیل عباسی کی ایک اچھی کوشش کو گول کیپر کرس ھبرٹ نے روک لیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اس جیت کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ میں نو پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ کا صفر ایک پوائنٹ ہے۔ اتوار کے دن کھیلے جانے والے ایک دوسرے میچ میں ملائشیا نے غیر متوقع طور پر بھارت کو چار ایک سے ہرادیا جبکہ اولمپک چیمپئن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دو ایک سے شکست دی۔ ملائشیا سے ہارنے کے بعد بھارت تین میچوں سےصرف چار پوائنٹ حاصل کر سکا ہے جبکہ آسٹریلیا نےتین میچ کھیل کر سات پوائنٹ لے لیے ہیں۔ واضح رہے اس ٹورنامنٹ میں زیادہ ترممالک نئے کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں تاکہ وہ اگلے سال جرمنی میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکیں۔ پاکستان، ملائشیا اور جنوبی کوریا کو عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے مزید فتوحات چاہئیں۔ بھارت پہلے ہی عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈاور جنوبی افریقہ اپنے اپنے براعظمی ٹورنامنٹوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عالمی کپ میں پہنچنے کی امید رکھتے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ اسی سال ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||