بھارتی ہاکی ٹیم پاکستان میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ہاکی ٹیم دلیپ ترکی کی قیادت میں بدھ کو کراچی پہنچ رہی ہے۔ وہ پاکستانی ہاکی ٹیم کے خلاف پاکستان میں چار ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ جمعہ کو کراچی کے ہاکی کلب پاکستان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 27 ستمبر کو کوئٹہ میں، تیسرا ٹیسٹ 29 ستمبر کو پشاور میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھا ٹیسٹ لاہور میں یکم اکتوبر کو ہوگا۔ سیریز کے بقیہ چار ٹیسٹ بھارت میں کھیلے جائیں گے جو نئی دہلی میں چار اکتوبر، چندی گڑھ میں چھ اکتوبر، امرتسر میں آٹھ اکتوبر اور حیدرآباد دکن میں دس اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ ایتھنز اولمپکس میں مایوس کن نتائج کے بعد پاکستان اور بھارت میں ہاکی ٹیموں کو ازسرنو تشکیل دینے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ بھارتی ہاکی فیڈریشن نے اس عمل جراحی میں اولمپکس میں حصہ لینے والے پانچ کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورے کے لئے ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسے مستقبل کے لئے ایک متوازن ٹیم کی تیاری سے تعبیر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بھارتی ہاکی فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گل نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں بھارتی ٹیم سے غیرمعمولی کارکردگی کی توقع نہ رکھی جائے۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی ٹیم مینیجمنٹ میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اولمپکس کی ٹیم میں شامل احمد عالم علی رضا اور غضنفر پرعدم اعتماد ظاہر کیا ہے۔ جبکہ کپتان ندیم اینڈی انٹرنیشنل ہاکی کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ وسیم احمد یا سہیل عباس میں سے نئے کپتان کا انتخاب آج یا کل متوقع ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||