’شادی شدہ بہتر ہوتے ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ شادی شدہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انضمام کا کہنا ہے جب سے ان کی شادی ہوئی ہے ان کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہوا ہے۔ انضمام الحق کاکہنا تھا کا جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجھ سے پوچھا کہ دورے پر کھلاڑیوں کی بیویوں کو ہمراہ جانا چاھیے تو میرا جواب تھا کہ آپ شادی شدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ اس میں کتنی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دورے پر کھلاڑی کی بیوی اور بچے ہمراہ ہوں تو وہ میچ کے بعد ان کے پاس جاتے اور ان سے مل کر پر سکون ہو جاتے ہیں۔ انضمام نے کہا کہ بیوی کی موجودگی میں کھلاڑی ادھر ادھر بھی نہیں جاتا۔ ویسٹ انڈیزکے خلاف اپنی ٹیم کی طاقت کے بارے میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچز میں بالر میچ جتواتے ہیں اور ہمارے بالر ہماری طاقت ہیں کیونکہ انہوں نے بھارت میں ثابت کیا کہ وہ بیس کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کے مطابق ایک روزہ میچوں میں بالر اور بیٹس مین دونوں کا کردار اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیتے اور نا ہی کوئی ٹیم کمزور ہے جو ٹیم میچ والے دن بہتر کھیلے گی وہی جیتے گی۔ اپنے اور ویسٹ انڈیز کے بیٹس مین برائن لارا کے تقابل پر ہونے والے سوال کہ جواب میں انضمام کا کہنا تھا کہ برائن لارا ان سے بڑا بیٹس میں ہے اور اس کی کارکردگی مجھ سے بہتر رہی ہے۔ شعیب ملک کے بارے میں کپتان انضمام کا کہنا تھا کہ ان کا بالنگ ایکشن اب ٹھیک ہے اور وہ ویسٹ انڈیز میں بالنگ بھی کروائے گا انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ شعیب ملک سے اننگز بھی اوپن کروائیں۔ شعیب ملک ہی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشن سلیم الطاف کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے سپورٹس میڈیسن کے ادارے سے شعیب ملک کے بارے میں حال ہی میں موصول ہونے والی رپورٹ میں لکھا ہے کہ شعیب ملک کا بالنگ ایکشن آئی سی سی کے رولز کے مطابق درست ہے اور بھارت میں بھی ایک روزہ میچز میں کسی ریفری نے ان کے بالنگ ایکشن پر اعتراض نہیں کیا لہذا وہ ویسٹ انڈیز میں بالنگ کرا سکیں گے۔ پاکستان ٹیم کے کوچ باب وولمر نے آج ختم ہونے والے تین روزہ تربیتی کیمپ کے بعد کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس بہت اچھا موقع ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز میں پہلی مرتبہ سیریز میں شکست دے کر نئی تاريخ لکھیں۔ پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت کر پاکستان کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کرنےکی کوشش کریں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کرکٹ سیریز کی تیاری کے لیے کرکٹ ٹیم کی کیمپ میں ٹریننگ کے پہلے دن کے اختتام پر انضمام الحق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بہت بلند ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ وہ اسی ٹیم سپرٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز میں شکست دے کر پاکستان کی کرکٹ کی نئی تاریخ لکھیں گے۔ پاکستان کی ٹیم ابھی تک ویسٹ انڈیز کے خلاف ویسٹ انڈیز میں کوئی سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہوں نے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی موجودہ سیریز میں ٹیلی ویژن پر وکٹوں کا بغور جائزہ لیا ہے اورانہیں لگتا ہے کہ یہ وکٹیں سپنرز کی مدد کرتیں ہیں۔ ’ہمارے پاس دانش کنیریا جیسا بہترین سپنر موجود ہے اور ہم اسے بہتر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے اچھے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے‘۔ بازید خان کی شمولیت کے بارے میں سوال کے جواب میں انضمام نےکہا کہ بازید خان نے نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی بلکہ پاکستان کی اے ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے سری لنکا اور نمیبیا کے خلاف بھی کافی اچھا کھیل پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بازید خان کو مڈل آڈر میں کھلانے کی کوشش کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انضمام نے کہا کہ کس کھلاڑی کو کس میچ میں کھلانا ہے اور کس کو نہیں اس کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر وہیں مینجمنٹ کرے گی۔ کوچ باب وولمر کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے کیمپ میں موجود نہیں تھے۔کوچ باب وولمر کی عدم موجودگی میں کپتان انضمام اور ہارون رشید نے کیمپ کی نگرانی کی۔ صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلاڑیوں نے رننگ ، ورزش ، فیلڈنگ بیٹنگ اور بالنگ کی پریکٹس کی اور پھر مزے کے لیے کچھ دیر فٹ بال بھی کھیلا۔ پاکستان ٹیم کا یہ کیمپ تین روز تک جاری رہے گا اور ٹیم دس اور گیارہ مئی کی درمیانی شب کراچی سے ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہو گی کوچ باب وولمر اسی دن ٹیم میں شامل ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||