سونامی میچ کے کپتان ستارے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیائے کرکٹ کے دو نامور بیٹسمین سچن تندولکر اور برائن لارا چودہ جون کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں سونامی کے متاثرین کی مدد کے لیے ہونے والے میچ میں ٹیموں کی قیادت کریں گے۔ بھارت کے سچن تندولکر ایم ایم سی کے کپتان ہوں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے کپتان برائن لارا انٹرنیشنل الیون کی قیادت کریں گے۔ ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو راجر نائٹ نے کہا ہے کہ ’اس میچ میں دنیا کے دو بہترین بلے باز شرکت کریں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ کرکٹ کے شائقین کا جوش اس بات سے مزید بڑھ جائے گا کہ وہ میچ کے دوران دنیا کے دو بہترین کھلاڑیوں کو مدِمقابل دیکھیں گے۔‘ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے موجودہ کپتان بالترتیب سٹیفن فلیمنگ اور گریم سمِتھ پہلے ہی پچاس پچاس اووروں کے اس میچ میں شرکت کرنے پر رضامندی کا اظہار کر چکے ہیں۔ برائن لارا اور سچن تندولکر اس میچ کے چھ روز بعد اوول میں کھیلے جانے والے میچ میں بھی شامل ہوں گے۔ اس میچ کا مقصد بھی سونامی کے متاثرین سمیت دیگر علاقوں میں تباہی سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فنڈ جمع کرنا ہے۔ گزشتہ برس چھبیس دسمبر کو سونامی لہروں سے پھیلنے والی تباہی کے سبب ایک لاکھ تہتر ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ پچاس ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||