رچرڈز انڈیا کے نئے کوچ؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سر ووین رچرڈز نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ انڈیا کے نئے کوچ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹسمین کے پاس کوچنگ کے لیے رسمی کوالیفیکیشن نہیں ہے۔ رچرڈز نے جو ان دنوں دہلی کے دورے پر ہیں کہا کہ ’میرے پاس 124 ٹیسٹ کھیلنے کا تجربہ ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ میرے پاس کھیل کا وسیع تجربہ ہے‘۔ پاکستان کے ساتھ حالیہ سیریز کے بعد انڈیا کے کوچ جان رائٹ کا معاہدہ بورڈ کے ساتھ ختم ہو گیا ہے اور اب انڈیا نیا کوچ ڈھونڈ رہا ہے۔ رچرڈز نے یہ تو نہیں کہا کہ وہ کوچ بن رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچ رکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ ’کھیل گلوبل ہو گیا ہے اور اس طرح ہم ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں‘۔ تاہم انہوں نے انڈیا کے بیٹسمین سچن تندولکر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’لیجنڈ‘ ہیں۔ تندولکر نے 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائی ہیں جو کہ سنیل گواسکر کے ریکارڈ کے برابر ہے۔ رچرڈز نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ تندولکر چاہتے ہوں کہ اسی طرح کھیلیں جس طرح انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں کھیلا تھا لیکن ہمیشہ ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’تندولکر اب ایک تجربہ کار کھلاڑی ہو گئے ہیں۔ ان میں اب وہ تیزی تو نہیں جو پہلے تھی لیکن اب وہ ایک مضبوط قلعے کی مانند ہیں۔ لیکن آپ کو اس بات کو سامنے رکھنا چاہیئے کہ اب ان کی عمر بڑھ رہی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج تندولکر کرکٹ کو خیر آباد کہہ دیتے ہیں تو وہ پھر بھی ایک لیجنڈ ہوں گے۔ انہوں نے اپنا کام کیا ہے اور اچھے طریقے سے کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||