پابندی کے خلاف گنگولی کی اپیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرکٹ کے بین الاقوامی نگراں ادارے آئی سی سی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارتی کپتان سورو گنگولی نے پاکستان کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں سست اوور ریٹ کی سزا کے طور پر چھ ون ڈے میچ کھیلنے پر لگائی گئی پابندی کے خلاف اپیل کی ہے۔ اب آئی سی سی اپنے کوڈ آف کنڈکٹ کمیشن کے کسی ایک رکن کو نامزد کرے گی جس کو سات دن کے اندر یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آیا پابندی میں نرمی کی جائے یا اسے مزید سخت بنایا جائے۔ آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے منگل کو احمد آباد میں ہونے والے ایک روزہ میچ کے بعد یہ پابندی لگائی تھی۔ یہ میچ پاکستان نے تین وکٹ سے جیت لیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے 236 منٹ میں 48 اوورز کروائے تھے جو مقررہ وقت کی حد سے 26 منٹ زیادہ تھے۔ گنگولی کو اس وقت تک کھیلنے کی اجازت ہو گی جب تک اپیل کا فیصلہ نہیں ہو جاتا۔ گزشتہ پانچ ماہ میں یہ تیسری مرتبہ ہے کہ گنگولی کو سست اوور ریٹ کی وجہ سے سزا دی گئی ہے۔ گزشتہ نومبر میں ان پر دو ٹیسٹ میچوں کی پابندی لگائی گئی تھی جو کہ بعد میں ان کی اپیل پر ختم کر دی گئی۔ حالیہ سیریز میں جمشیدپور کے میچ میں سست اوور ریٹ کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر گنگولی پر 70 فیصد میچ کی فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ تاہم اس مرتبہ آئی سی سی میچ ریفری اور انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کرس براڈ نے سخت سزا کا فیصلہ کیا اور گنگولی پر چھ ایک روزہ میچوں کی پابندی لگا دی۔ آئی سی سی کے اس فیصلے سے گنگولی کی مشکلات بڑھ گی ہیں کیونکہ خراب فارم کی وجہ سے وہ پہلے ہی بہت دباؤ میں تھے اور بہت سے لوگ یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ انہیں نہ صرف کپتانی سے ہٹایا جائے بکلہ ٹیم سے ہی نکال دیا جانا چاہیے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||